Live Updates

عمران خان کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پہلا امتحان ہے‘ طاہرالقادری

سانح کے مظلوم دھکے کھاتے آواز بلند کر رہے ہیں ‘عمران خان نے گزشتہ سالوں میں شہدا کو انصاف دلانے کیلئے آواز بلند کی ‘شہباز شریف ‘رانا ثنا اللہ کو جیل بھیجا جائے ‘اب حکومت قاتلوں کی نہیں انصاف دلانے والوں کی ہے‘پی ٹی آئی حکومت کی ذمہ داری ہے وعدہ کی پاسداری کریں ‘نواز شریف کی سزا کی معطلی کا کوئی جواز نہیں ‘انجام تک پہنچ کر رہیں گے سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی لاہورائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 ستمبر 2018 17:27

عمران خان کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پہلا امتحان ہے‘ طاہرالقادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عمران خان کے لیے سانحہ ماڈل ٹاؤن پہلا امتحان ہے‘ماڈل ٹاؤن کے ایک بھی قاتل کو سزا نہیں ملی، 14 لاشیں گرگئیں۔بدھ کو سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری استنبول سے لاہورپہنچے ۔ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے ایک بھی قاتل کو سزا نہیں ملی، 14 لاشیں گرگئیں، اس قوم کی بیٹیوں کو گھسیٹا اور شہید کیا گیا، خون دریا کی طرح بہایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ 4 سال سے مظلوم دھکے کھا رہے ہیں، آواز بھی بلند کر رہے ہیں لہٰذا اب پی ٹی آئی کی حکومت ماڈل ٹاؤن کے شہدا کو انصاف دلائے۔

(جاری ہے)

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ہمارے ساتھ عمران خان نے گزشتہ 4 سالوں میں شہدا کو انصاف دلانے کے لیے آواز بلند کی اور پولیس افسران کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا تاہم اب پی ٹی آئی حکومت کے لیے اب پہلا امتحان ہے کہ وہ ان 116 پولیس افسران جو انصاف کے راستے میں رکاوٹ ہیں ،جنہوں نے ہمارے گواہوں کو مارا پیٹا اور دھمکیاں بھی دیں جبکہ دھمکیوں کے نتیجے میں ہمارے وکیل نے بھی کیس لڑنے سے معذرت کرلی، اس لیے میں مطالبہ کرتا ہوں کہ انہیں عہدوں سے ہٹا کر گھر بھیجا جائے۔

طاہر القادری نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کو جیل بھیجا جائے کیوں کہ اب حکومت قاتلوں کی نہیں بلکہ انصاف دلانے والوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کا پہلا امتحان ہے، میں اسی لیے واپس آیا ہوں تاکہ دوبارہ اس کیس کے لیے وکیل کرکے دوبارہ اپنا مقدمہ لڑوں تاہم پی ٹی آئی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وعدہ کی پاسداری کریں اور انشا اللہ وہ کریں گے کیوں کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے۔علاوہ ازیں نواز شریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کیس کے فیصلے کے سوال کے جواب میں طاہر القادری نے کہا کہ سزا کی معطلی کا کوئی جواز نہیں ہے، وہ بحال رہے گی اور وہ لوگ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات