اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتے ہیں ، امریکہ تجارتی جنگ سے خبردار رہے ، چین

امریکا کی جانب سے ٹیرف عائد کیے جانے کے جوابی اقدام کی تفصیلات سے متعلق صحیح وقت پر اعلان کیا جائے گا، چینی وزارت تجارت

بدھ 19 ستمبر 2018 17:27

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 2 سو ارب ڈالر کی چینی درآمدات پر اضافی ٹیکس عائد کیے جانے پر امریکا کو تجارتی جنگ میں غیر یقینی اقدامات سے خبردار کیا ہے۔چینی وزارت تجارت نے ایک بیان میں کہا کہ ’ اپنے قانونی حقوق ،مفادات اور عالمی تجارتی طریقہ کار کی حفاظت کے پیشِ نظر چین کے پاس امریکا پر جوابی اقدام کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

‘ان کے بیان میں چین کی جانب سے 60 ارب ڈالر کی امریکی درآمدات پر ٹیرف عائد کرنے کی گزشتہ دھمکی کا حوالہ نہیں دیا گیا۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ٹیرف عائد کیے جانے کے جوابی اقدام کی تفصیلات سے متعلق صحیح وقت پر اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے لیے گئے یک طرفہ اقدامات ہمارے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔

2 سو ارب ڈالر کی درآمدی اشیا پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کا ٹرمپ کا اقدام اندازاً نصف چینی برآمدات پر اثر انداز ہوگا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ ہم کئی مہینوں سے چین کو غیر منصفانہ تجارتی طریقے تبدیل کرنے اور امریکی کمپنیوں کے ساتھ شفاف اور باہمی تعاون کرنے کے لیے اصرار کرتے رہے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’ چین کی تجارتی روش امریکا کی معیشیت کی طویل المدتی ترقی کے لیے ایک خطرہ بنتی جارہی ہے۔

‘ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ چین اپنی تجارتی روش بدلنے کا خواہاں نہیں جس میں ٹیکنالوجی کی چوری اور منتقلی شامل ہیں۔چین پر امریکی ٹیرف کے نئے مرحلے کا اطلاق 24 ستمبر سے ہوگا جس میں امریکا برآمد کی جانے والی 2 سو 50 ارب ڈالر کی چینی اشیا پر ڈیوٹی عائد ہوگی۔۔