مقبوضہ کشمیر: میر واعظ فورم کی محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی اور عزاداروں کی گرفتاری کی مذمت

بدھ 19 ستمبر 2018 18:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے قابض انتظامیہ کی طرف س محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی ، عزا داروں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اورانکی گرفتاری اور جبر واستبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محرم کے جلوسوں پر پابندی کو دینی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں میں شہدائے کربلا حضرت امام حسینؑ اور آپ کے جانثار رفقاء کو خراج عقیدت و محبت پیش کیا جاتا ہے تاہم قابض انتظامیہ نے گزشتہ تین دہائیوں مقبوضہ علاقے میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قابض انتظامیہ طاقت کے بل پر پہلے ہی کشمیریوں کے بنیادی انسانی اور سیاسی حقوق کو سلب کرچکی ہے اور اب ہر مرحلے پر انکے دینی جذبات اور احساسات کو پائوں تلے کچلنے کا بھی کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیا جاتا جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ بیان میں جھجر کوٹلی جموں میں بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری نوجوان طالب علم محمد اقبال کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ طالب علم کی مسلسل حراست انکے اہلخانہ کے کیلئے سخت تشویش کا باعث ہے ۔