میڈیکل اور ڈینٹل ایٹا انٹری ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا،ٹیسٹ30ستمبر کوہوگا

بدھ 19 ستمبر 2018 18:40

پشاور ۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجزکے داخلوں کے سلسلے میں گزشتہ دنوں ملتوی ہونے والے ایٹامیڈیکل انٹری ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا‘نئے شیڈول کے مطابق یہ ٹیسٹ اب اتوار30ستمبر کو صوبے کے ساتھ مختلف سینٹروں میںمنعقد ہوگا۔ ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا محمود خا ن جو کہ ایٹا کے بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین ہیں کی منظوری سے کیا گیا ہے۔

اب یہ ٹیسٹ اتوار30ستمبرکوبیک وقت صوبے کے سات مختلف سنٹرز میں منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ نئی تاریخ کی منظوری وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کی روشنی میں دی ہے جس میں وزیر اعلیٰ سے اتوار23 ستمبر کو محکمہ موسمیات کی بارش اور طوفان باد وباراں کی یقینی پیشنگوئی نیز عاشورہ محرم الحرام کے مخصوص حالات کے پیش نظر نظر ثانی کی درخواست کی گئی تھی جس پر وزیر اعلیٰ نے اتوار30ستمبر کی نئی تاریخ کی منظوری دے دی ۔

(جاری ہے)

خیبر میڈیکل یونیورسٹی اکیڈیمک اینڈ ایڈمشن سیکشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میںتمام طلبہ و طالبات کو نہ صرف نئے ایڈمٹ کارڈ ز یعنی رول نمبر سلپ پرانے طریقہ کار کے مطابق پرنٹ کرکے ان پر اپنی تازہ تصاویر چسپاں کرنے کے لئے کہا گیاہے بلکہ تمام طلباء وطالبات کو ان ہی سینٹرز میں بروقت ٹیسٹ دینے کے لیئے پہنچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جہاں انہوں نے پہلے ٹیسٹ دیا تھا ۔

واضح رہے کہ ایٹا میڈیکل ٹیسٹ 30ستمبر کو صبح 9بجے اسلامیہ کالجیٹ سکول گرائونڈ پشاور،ہری پور یونیورسٹی ہری پور، گراسی گرائونڈ سیدوشریف سوات، گو مل میڈیکل کالج نیو بلڈنگ ڈیرہ اسماعیل خان ، عبد الولی خان یونیورسٹی گارڈن کیمپس مردان، کیڈٹ کالج کوہاٹ اور ملاکنڈ یونیورسٹی چکدرہ لوئر دیر کے سات سنٹروں میں پرانے رول نمبرز کے مطابق منعقد ہوگا ۔

دریں اثناء خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرجواد احمدنے نئی تاریخ کی منظوری پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خا ن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ کے ایم یو کا سٹاف ٹیسٹ کے لیئے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا اوراس ضمن میں طلباء وطالبات اور ان کے والدین کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کوہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔