Live Updates

نیشنل ہائی وے کے 34 منصوبوں کی لاگت میں 40 فیصد اضافہ کرنے سے متعلق انکوائری اور آڈٹ کرانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں،

وزارت مواصلات کے تمام محکموں میں شفافیت اور احتساب کا نظام متعارف کرانے کیلئے ای ٹینڈر، ای بڈنگ اور ای بلنگ کا نظام لایا جا رہا ہے، عوام کو مواصلات کے منصوبوں کی تکمیل کی مکمل آگاہی کیلئے آن لائن ایپ جاری کی جائے گی وزیر مملکت مراد سعید کی وزارت مواصلات میں متعلقہ محکموں کی بریفنگ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 ستمبر 2018 18:42

نیشنل ہائی وے کے 34 منصوبوں کی لاگت میں 40 فیصد اضافہ کرنے سے متعلق انکوائری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے کے تعمیراتی 34 منصوبوں کی لاگت میں 40 فیصد اضافہ کرنے سے متعلق انکوائری اور آڈٹ کرانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، وزارت مواصلات کے تمام محکموں میں شفافیت اور احتساب کا نظام متعارف کرانے کیلئے ای ٹینڈر، ای بڈنگ اور ای بلنگ کا نظام لایا جا رہا ہے، عوام کو مواصلات کے منصوبوں کی تکمیل کی مکمل آگاہی کیلئے آن لائن ایپ جاری کی جائے گی، وزیراعظم کے ویژن کے مطابق گرین پاکستان منصوبے پر وزارت مواصلات جلد کام کا آغاز کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزارت مواصلات میں متعلقہ محکموں کی بریفنگ لینے کے بعد میڈیا کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مراد سعید نے کہا کہ بعض شخصیات کو شاہرات کی تعمیر کے ٹھیکے سیاسی دبائو کے تحت دیئے گئے، چکدرہ۔کالام سیکشن کی شاہراہوں کی تعمیر کے ٹھیکے میں ملی بھگت سے کام میں تاخیر کرکے 40 فیصد تک لاگت بڑھائی گئی جس کا فائدہ ٹھیکیدار اور افسران نے اٹھایا۔

وزیر مواصلات نے کہا کہ میں نے وزارت کے افسران کو واضح کر دیا ہے کہ ٹھیکوں میں شفافیت لائی جائے گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سوات کالام سمیت ملحقہ علاقوں میں ماضی کے مقابلہ میں ریکارڈ سیاح آئے جس سے کثیر زرمبادلہ حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ چکلدرہ۔کالام شاہراہ کا ٹھیکہ سیاسی دبائو پر امیر مقام کی فرم کو دیا گیا جس نے مقررہ مدت میں کام مکمل نہیں کیا، اس منصوبہ کی لاگت میں 40 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے 34 سے زائد منصوبے ہیں جن کی بروقت تکمیل نہ کرکے لاگت میں 40 فیصد تک اخراجات میں اضافہ کیا گیا، آئندہ ایسا نہیں ہو گا، سابق ادوار میں دیئے گئے تمام ٹھیکوں کی آڈٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، اس حوالہ سے جامع انکوائری کا بھی کہہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حق ہے کہ ان کے پیسے جاری کئے جانے والے منصوبوں کی تکمیل تک ایک ایک لمحہ کی معلومات انہیں فراہم ہوں، اس مقصد کیلئے خصوصی ایپ وزارت اطلاعات جاری کر رہی ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزارت مواصلات کے کسی بھی محکمہ میں کرپشن نہیں ہونے دی جائے گی، کرپٹ افسر یا اہلکار کو نہیں رہنے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سو دن کا جو ایجنڈا دیا ہے وزارت مواصلات اس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ دریں اثنا انہوں نے وزارت مواصلات میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات