صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی، 6 فلسطینیوں کو بے رحمی کے ساتھ شہید کردیا

بدھ 19 ستمبر 2018 19:31

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) قابض صہیونی فوج نے فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چھ فلسطینیوں کو بے رحمی کے ساتھ شہید کر دیا۔ شہداء کا تعلق غزہ، غرب اردن اور بیت المقدس سے ہے۔ اطلاعات کے مطابق دو فلسطینی کو غزہ کی پٹی میں جنگی طیاروں کے ذریعے بم باری کرکے شہید کیا گیا۔

ایک فلسطینی نوجوان کو رام اللہ سے حراست میں لینے کے بعد وحشیانہ تشدد کرکے شہید کردیا گیا۔ دو فلسطینیوں کو شمالی غزہ میں ایک ریلی کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا گیا جبکہ ایک فلسطینی نوجوان کو قابض فوج نے بیت المقدس میں گولیاں مار کر شہید کیا۔گزشتہ روز جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے مشرقی قصبے میں قابض فوج نے گولیاں مار کر دو فلسطینیوں کو شہید کیا۔

(جاری ہے)

ہلال احمر تنظیم کے کارکنوں نے القرارہ کے مقام سے دو فلسطینی شہداء کے جسد خاکی ہسپتال منتقل کئے، انہیں بمباری کرکے شہید کیا گیا تھا۔بمباری کے نتیجے میں دونوں شہیدوں کے جسد خاکی ناقابل شناخت ہوگئے۔ ان کی شناخت کیلئے انہیں 15 گھنٹے تک سرد خانوں میں رکھا گیا۔بعد ازاں دونوں کی شناخت 18 سالہ ناجی جمیل ابو عاصی اور اس کے کزن 21 سالہ علاء زیاد ابو عاصی کے ناموں سے کی گئی ہے۔

دونوں مشرقی خان یونس کے علاقے بنی سہیلا کے رہائشی تھے۔منگل کی شام دو فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی شمالی سرحد پر ایک ریلی میں شرکت کے دوران گولیاں مار کر شہید کیا۔ قابض فوج نے فائرنگ سے 46 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ادھر بیت المقدس میں بھی اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو چاقو حملے کی کوشش کے الزام میں گولیاں مار کر شہید کردیا۔