مقبوضہ بیت المقدس ،صہیونی فوج نے نہتے فلسطینی نوجوان کو بے رحمی کیساتھ گولیاں مار کر شہید کردیا

بدھ 19 ستمبر 2018 19:35

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک نہتے فلسطینی نوجوان کو بے رحمی کے ساتھ گولیاں مار کر شہید کردیا۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی فوجیوں نے بیت المقدس میں باب العامود کے مقام پر ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر زخمی کیا اور اسے زخمی حالت میں سڑک پر پھینک دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے جسم سے خون فواروں کی طرح نکلتا رہا مگر امدادی کارکنوں کو اس کے قریب جانے اور اس کی جان بچانے کی اجازت نہیں دی گئی۔القدس میڈیا سینٹر نے بتایا کہ فلسطینی نوجوان کا بے رحمی کیساتھ قتل کا واقعہ گزشتہ روز المصرارہ یہودی کالونی کے قریب باب العامود میں پیش آیا۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کے بعد علاقے کو سیل کرکے فلسطینی شہریوں کی آمد ورفت بھی بند کردی۔شہید کی شناخت محمد یوسف شعبان علیان کے نام سے کی گئی ہے اور اس کا تعلق بیت المقدس کے علاقے قلندیا سے بتایا جاتا ہے۔