گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم کی انتہاء ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

آٹا ، گیس کے بعد عوام پر بجلی بم گرانے کی نوید سنائی جار ہی ہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں‘میر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 19 ستمبر 2018 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم کی انتہاء ہے ، گیس کی قیمتوں میں 10 سے لیکر 145فیصد تک کے اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ ریلیف کے نام پر اقتدار میں آنے والی پی ٹی آئی حکومت عوام کے ساتھ وعدوں کی پاسداری میں ناکام ہوتی نظر آرہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سنہری خواب دیکھانے والی پی ٹی آئی حکومت نے آٹا ، گیس سمیت منی بجٹ میں سینکڑوں اشیاء خوردونوش کو مہنگاکر کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ حکومت کا پہلا بجٹ ہی عوام پر مہنگائی بم بن کر گرا ہے اور عمران حکومت کے سارے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی گذشتہ چند سالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس کا نقصان صرف اور صرف عام آدمی کو ہوا ہے جو غریب سے غریب ہوتا جارہا ہے اور امیر آدمی امیر تر ہوتا جار ہاہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ آ ٹا ، گیس کے بعد عوام پر بجلی بم گرنے کی نوید سنائی جار ہی ہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور عمران حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن سے پہلے کیے گئے بلند و بانگ دعووں ، وعدوں کے مطابق عوام کو جو سنہری خواب دیکھائے تھے ان کو پور ا کرنے کیلئے عملی اقدامات کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کو واپس لیا جائے اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کیا جائے ۔