Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ریاض میں ملاقات

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق بھی موجود، دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر بات چیت کی گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 19 ستمبر 2018 18:36

وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ریاض میں ملاقات
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا سے ریاض میں ملاقات، ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق بھی موجود، دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر بات چیت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں روا شاہ سے ملنے شاہی محل پہنچے جہاں ان کی شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل دورہ سعودی عرب کے سلسلے میں مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات عمرہ ادا کیا۔ ان کی آمد پر خانہ کعبہ کا دروازہ بھی خصوصی طور پر کھولاگیا، جہاں وزیراعظم نے نوافل ادا کیے اور ملک کی خوش حالی کے لیے دعائیں کیں۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز اپنے وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے سے جدہ پہنچے تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فوادچوہدری اور مشیر تجارت عبد رزاق داؤد بھی دورہ سعودی عرب کے سلسلے میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ جدہ سے مدینہ پہنچنے پر گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا جب کہ پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر جوتے اتار کر ننگے پاؤں قدم رکھا تھا، اس کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور وہاں نماز مغرب اور نوافل ادا کیے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات