محرم کے مجموعی سیکیورٹی امور کی میں بذاتِ خود مانیٹرنگ کرونگا،آئی جی سندھ

جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی مربوط اور ٹھوس بنایا جائے،سید کلیم امام کی ہدایت

بدھ 19 ستمبر 2018 19:50

محرم کے مجموعی سیکیورٹی امور کی میں بذاتِ خود مانیٹرنگ کرونگا،آئی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سی پی او کا دورہ کیا اورشہر کے مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شہر کی سیکیورٹی مانیٹرنگ / سرویلنس سمیت محرم کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا ۔مزیداس حوالے سے پولیس اقدامات کی جملہ تفصیلات سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی مانیٹرنگ کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ برائے ملاحظہ ارسال کی جائے ۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آئی ٹیIT،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر سندھ،ڈائریکٹر آئی ٹیIT سی پی او،اور اے آئی جی آپریشنز سندھ بھی انکے ہمراہ تھے ۔ آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ غیرمعمولی سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل کی بدولت محرم الحرام کی مناسبت سے منعقدہ جملہ مجالس، برآمد ہونیوالے چھوٹے بڑے جلوسوں،مجالس کے مقامات،جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی مربوط اور ٹھوس بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اضلاع کی سطح پر رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے روابط کو مزید تقویت دی جائے اور انٹیلی جینس کلیکشن و بروقت شیئرنگ کے ساتھ ساتھ ہر قسم کی معلومات کو فالو کرنے جیسے جملہ امور پر بھی عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے محرم سیکیورٹی کی میں بذاتِ خود مانیٹرنگ کرونگا۔مزید برآں انہوں نے پولیس کو واضح ہدایات جاری کیں کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سی پی او سے وقتاًفوقتاً جاری رہنما احکامات پر عمل درآمد کو محرم کے مجموعی سیکیورٹی امور میں خاص اہمیت دی جائے ۔