9اور 10محرم الحرم ،کراچی میں موبائل فون سروس جزوی بند ہوگی ،سیکرٹری داخلہ سندھ

محرم الحرام کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے وفاق سے دو ہیلی کاپٹر سندھ حکومت کومل گئے ہیں،قاضی کبیر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 ستمبر 2018 19:50

9اور 10محرم الحرم ،کراچی میں موبائل فون سروس جزوی بند ہوگی ،سیکرٹری ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) سیکرٹری داخلہ سندھ قاضی کبیرنے کہا ہے کہ 9 اور10 محرم الحرام کوکراچی میں موبائل فون سروس جزوی جبکہ سندھ کے دیگرشہروں میں موبائل فون سروس مکمل طورپربند ہوگی ۔ محرم الحرام کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے وفاق سے دو ہیلی کاپٹر سندھ حکومت کومل گئے ہیں، ایک ہیلی کاپٹر پولیس اور ایک رینجرز کے حوالے کردیا گیا ہے۔

صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی کبیرکا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں سیکورٹی کے پیش نظر ،9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس کے ساتھ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بند رہے گی ۔عوام کی سہولت کے لئے کراچی بھر میں موبائل سروس مکمل نہیں بلکہ جزوی بند کی جائے گی ۔ کراچی میں صرف جلوسوں کی گزرگاہوں اور اطراف کے علاقے میں موبائل فون سروس بند رہے گی موبائل فون سروس صبح 7 بجے سے رات 12 بجے تک بند کی جائے گی تاہم ضرورت پڑنے پر10 محرم الحرام کو کراچی بھرمیں موبائل فون سروس بند کی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

قاضی کبیر کے مطابق حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد، خیرپور، لاڑکانہ ، شکارپور، جیکب آباد میں بھی موبائل فون سروس مکمل بند کی جائے گی سندھ حکومت نے وفاقی حکومت سے کراچی بھر میں موبائل فون سروس بند نہ کرنے کی درخواست کی ہے انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کی سفارش کی تھی ۔