صوبائی وزیر محمود الرشید کا شیخوپورہ کا دورہ ،مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا

محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں‘میاں محمود الرشید

بدھ 19 ستمبر 2018 20:04

صوبائی وزیر محمود الرشید کا شیخوپورہ کا دورہ ،مرکزی جلوس کے روٹ کا ..
شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں محمود الرشید نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پرمحرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلع شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ ڈی پی او شیخوپورہ سردار غیاث گل نے انہیں محرم الحرام کے حوالے سے کیے جانے والے سیکیورٹی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اظہر حیات، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ فضائل مدثر، ضلعی رہنما پی ٹی آئی علی سلطان کے ساتھ سیکیورٹی اور سپیشل برانچ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس اور ڈی پی او آفس میں محرم الحرام کے سلسلے میںخصوصی طور پر قائم کیے گئے کنٹرول رومز کا بھی معائنہ کیا اورانتظامات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

میاں محمود الرشید نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام اداروں کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام ہمیں باہمی محبت، بھائی چارے اور حق کے لیے آواز بلند کرنے کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسین ؑ نے باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کر کے جرات کی لازوال داستان رقم کی۔

اس مہینے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام مسالک کو برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے تا کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کا ناکام بنایا جا سکے اور اسلام کو امن کا دین ثابت کیا جا سکے۔ بعد ازاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا جو کہ سلطان پورہ، صدر چوک، امام بارگاہ کلاں ریگل چوک کے راستوں سے گزرے گا۔