Live Updates

عمران خان کی قیادت میں نئی حکومت کا ایجنڈا کرپشن سے پاک نظام وضع کرنا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، مشتاق غنی

بدھ 19 ستمبر 2018 20:36

عمران خان کی قیادت میں نئی حکومت کا ایجنڈا کرپشن سے پاک نظام وضع کرنا ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران صدیوں سے مذہبی، ثقافتی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ممالک نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں نئی حکومت وجود میں آئی ہے جس کا ایجنڈا کرپشن سے پاک نظام وضع کرنا اور عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ بہترین جمہوری نظام کی فراہمی ہے۔

وہ بدھ کو ایرانی قونصل جنرل باقر بیگی کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں پاکستان اور ایران کا مستقبل تابناک ہے، عمران خان کی 22 سالہ سیاسی جدوجہد رنگ لائی اور عوام نے ایک خاموش انقلاب کے ذریعہ تحریک انصاف کو مرکز سمیت دو صوبوں میں تاریخی فتح سے ہمکنار کیا، سابق حکمران چونکہ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام رہے لہٰذا عوام نے ان کو مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میںعوام نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دوسری بار بھاری اکثریت سے تحریک انصاف کو کامیاب کرایا، یہ کامیابی اس امر کا بین ثبوت ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کی سابق حکومت کی پالیسیوں پر غیر متزلزل اعتماد کیا۔ مشتاق غنی نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس، تعلیم، صحت اور لوکل گورنمنٹ کے شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات کو لوگوں نے سراہا ہے، موجودہ حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن فری نظام قائم کرنا اور عوام کا پیسہ صرف اور صرف عوام پر خرچ کرنا ہے۔

سپیکرنے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لہر پر قابو پا کر امن وامان کا قیام عمل میں لایا گیا ہے لہٰذا اب صوبہ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں، بیرونی سرمایہ کار انرجی اینڈ پاور اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں آزادانہ طور پر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے محرم کے دوران شیعہ کمیونٹی کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات کئے ہیں، شیعہ اور سنی آپس میں مسلمان بھائی بھائی ہیں، سازشی اور بیرونی عناصر ہمارے درمیان تفرقہ پھیلانے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں لہٰذا ہمیں چاہئے کہ آپس کے بھائی چارے کو ہر حال میں قائم رکھتے ہوئے سازشی عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیں۔

انہوںنے کہا کہ اس تیسری قوت کو شناخت کرنا ہو گا جو فرقہ ورانہ فسادات پھیلا کر ہمارے ممالک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل باقر بیگی نے کہا کہ ایران پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے، ایران کی کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے عوام خوشحال ہوں اور ان میں استحکام لایا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ خواتین پارلیمنٹرینز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ دونوں ممالک کی خواتین پالیمنٹرینز آپس میں روابط بڑھا کر اپنے اپنے ممالک میں ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کر سکیں۔

ایرانی قونصل جنرل نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وفود کے تبادلوںکے باعث ایک دوسرے کے تجربات سے فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ آخر میں سپیکر مشتاق احمد غنی اور قونصل جنرل باقر بیگی نے ایک دوسرے کو سوینیئر دیئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات