Live Updates

حلقہ این اے 13 مانسہرہ I کے کچھ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق معاملہ کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی

بدھ 19 ستمبر 2018 20:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 13 مانسہرہ I کے کچھ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق معاملہ کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی، سماعت کے دوران حلقہ این اے 13 مانسہرہ سے کامیاب رکن قومی اسمبلی صالح محمد الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

بدھ کو الیکشن کمیشن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 13 مانسہرہ I سے کچھ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق معاملہ پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔

درخواست گزار سردار شاہجہاں یوسف کے وکیل عامر جاوید الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے تاہم این اے 13 سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صالح محمد اور ان کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہو سکے جس کی بنیاد پر کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 5 ستمبر کو حلقہ سے کامیاب رکن قومی اسمبلی صالح محمد اور ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات