مظفرآباد،چیئرمین احتساب بیورو کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ، جناح ماڈل ٹائون اور PMUگریٹر واٹر سپلائی سکیم میرپور پر کارروائی کے لیے عدالتی سطح پر موثر پیروی کا فیصلہ

بدھ 19 ستمبر 2018 21:01

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) احتساب بیورو میں زیر کار میگا کرپشن سیکنڈلز کے حوالہ سے چیئرمین احتساب بیورو کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں میگا کر پشن کیسز جناح ماڈل ٹائون اور PMUگریٹر واٹر سپلائی سکیم میرپور پر کارروائی کے لیے عدالتی سطح پر موثر پیروی کا فیصلہ کیا گیا۔احتساب بیورو کے دفتر سے جاری شدہ پریس ریلیز کے مطابق میگا سیکنڈلز پر پیش رفت کے حوالہ سے چیئرمین احتساب بیورو کی صدارت میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں چیف پراسیکیوٹر احتساب بیورو،ڈائریکٹر انوسٹی گیشن اور متعلقہ تفتیشی آفیسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں میگا کرپشن سیکنڈلز جناح ماڈل ٹائون میرپور اور PMUگریٹر واٹر سپلائی سکیم میر پور کے کیسسزمیں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انوسٹی گیشن او رچیف پرا سیکیوٹر نے بتایا کہ ہر دو کیسسز میں ملزمان نے عدالت العالیہ سے رجوع کر رکھا ہے جس وجہ سے زیر کار تفاتیش پر مزید کارروائی تا فیصلہ /تاحکم ثانی عدالت العالیہ ممکن نہیں ہے۔ چیئرمین احتساب بیورو نے پراسیکیوشن برانچ کو ہدایت کی کہ ہر دو کیسسز کی عدالت العالیہ میں موثر پیروی کی جائے اور مقدمات خارج کر وائے جائیں تاکہ احتساب بیورو میں مزید تحقیق /تفتیش عمل میں لائی جائے اور ان مقدمات کو یکسو کیا جائے۔