ملائیشین وزیراعظم سرکاری فنڈ میں خرد برد الزام میں ایک بار پھر گرفتار

فنڈ اہم ترقیاتی پروجیکٹ کے لیے قائم کیا گیا تھا ،سابق وزیراعظم نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے رقم میں خرد برد کی، امانت میں خیانت کے مرتکب ہوئے، ترجمان

بدھ 19 ستمبر 2018 21:29

کوالا لمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو سرکاری فنڈ میں خرد برد کرنے کے الزام میں ایک مرتبہ پھر حراست میں لے لیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو اینٹی کرپشن پولیس نے اٴْن کے دفتر سے گرفتار کر لیا ہے۔ سابق وزیراعظم کو کل صبح عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انسداد کرپشن پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو قومی فنڈ سے 2.6 بلین رنگٹ (628 ملین ڈالر) اپنے ذاتی بینک اکائونٹ میں منتقل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ فنڈ ایک اہم ترقیاتی پروجیکٹ کے لیے قائم کیا گیا تھا تاہم سابق وزیراعظم نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے رقم میں خرد برد کی اور امانت میں خیانت کے مرتکب ہوئے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کو اعتماد کو ٹھیس پہنچانے، اختیارات میں تجاوز اور کرپشن کے دیگر دو مقدمات میں رواں برس 3 جولائی کو حراست میں لیا گیا تھا تاہم اگلے ہی روز سول عدالت نے سابق وزیراعظم کو ایک ملین ڈالر کے مساوی رقم کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کی اجازت دے دی تھی۔۔