Live Updates

حکومت عمران خان کی قیادت میں اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے ملک سے کرپشن اور جہالت کو ہر ممکن ختم کیا جائے گا ،چوہدری محمد سرور

قومی دولت لوٹنے والوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا،کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا حق گوئی اور بے باکی اصولی صحافت کی بنیاد ہیں ،ظلم ناانصافی اور کرپشن کے خلاف ہمیں اہل قلم اور اہل نظر کی رہنمائی اور تعاون درکار ہے،گورنر پنجاب

بدھ 19 ستمبر 2018 21:26

حکومت عمران خان کی قیادت میں اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے  ملک سے کرپشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حق گوئی اور بے باکی اصولی صحافت کی بنیاد ہیں ،ظلم ناانصافی اور کرپشن کے خلاف ہمیں اہل قلم اور اہل نظر کی رہنمائی اور تعاون درکار ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کی قیادت میں اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے کہ ملک سے کرپشن اور جہالت کو ہر ممکن ختم کیا جائے گا اور قومی دولت لوٹنے والوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا۔

احتساب پی ٹی آئی کا محض نعرہ ہی نہیں بلکہ اب عام آدمی کو احتساب ہوتا ہو ا نظر آئے گا ۔ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سی پی این ای کے وفد اور سینئر کالم نگاروں سے ملاقات کے دوران کیا ۔ جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں کو با اختیار کرنا، جمہوریت کا استحکام اور بلا امتیاز احتساب ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اب وزیر اعظم سے لے کر مقامی کونسلر تک عوام کو جوابدہ ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جمہوریت کا تسلسل اور سیاسی استحکام میڈیا کی مرہون منت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی تنقید کو خندہ پیشانی سے نہ صرف قبول کیا جائے گابلکہ اس سے راہنمائی بھی لی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اشتہارات کو بطور ٹول استعمال نہیں کرے گی اور ان کا اجراء خالصتاً میرٹ اور اخبارات کی سرکولیشن کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کی مرکزیت کی بجائے اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے ۔ عوام کے مسائل کے فوری حل اور بلدیاتی نمائندوں کو مالیاتی اور انتظامی اختیارات دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈ کا 30 فیصد یونین کونسل اور ویلیج کونسل کو دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں واضح تبدیلی نظر آئے گی کہ تمام ادارے غیر جانبدار رہیں گے اور وہاں کوئی ادارہ ترقیاتی کام نہیں کرے گا ۔

گورنر نے کہا کہ جب تک ادارے مضبوط اور با اختیار اور غیر سیاسی نہیں ہوں گے اس وقت تک ملک کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو سیاسی دباؤ سے نکالنا ہے اور اس سلسلے میں پولیس نظام میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق آئی جی کے پی کے ناصر درانی کو یہ ٹاسک دیا گیا ہے ۔ انشا ء اللہ آپ کو جلد ہی پولیس کے نظام میں واضح تبدیلی نظر آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کوبا اختیار بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح ہے کہ تمام یونیورسٹیز کو سولر پر منتقل کیا جائے جس سے اخراجات میں کمی ہوگی کیونکہ سولر کی بجلی فرنس آئل کے مقابلے میں سستی ہے۔ اس موقع پر سی پی ان ای کے صدر عارف نظامی نے کہا کہ آئین و جمہوریت کی بحالی میں اہل قلم کا کردار کلیدی ہے۔

ہم توقع کرتے ہیں کہ موجودہ قیادت اظہار رائے کی آزادی اور میڈیا کی خود مختاری کو ترجیح دے گی۔ معروف صحافی ضیا شاہد نے کہا کہ سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے اور اِس حوالے سے ہم اپنے آپ کو پیش کرتے ہیں۔بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے لارڈ نذیر نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر تبادلہ خیال گیا۔

اس موقع پر لارڈ نذیر نے چوہدری محمد سرور کو گورنر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جو ہر سال کثیر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تارکین پاکستان کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔گورنر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

دریں اثنا گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے چیئر مین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین نے آج گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین واپڈا نے گورنر پنجاب کو پانی کی صورتحال اور صوبہ پنجاب میں چلنے والے پانی اور ہائڈرو پاور منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بجلی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے واپڈا کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات