سی پیک کی مخالفت کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے

چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان ہمارا آزمایا ہوا آہنی دوست ہے: چینی صدر کا آرمی چیف سے ملاقات کے موقع پر اعلان

muhammad ali محمد علی بدھ 19 ستمبر 2018 20:19

سی پیک کی مخالفت کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے
بیجنگ (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2018ء) سی پیک کی مخالفت کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے، چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان ہمارا آزمایا ہوا آہنی دوست ہے، چینی صدر کا آرمی چیف سے ملاقات کے موقع پر اعلان۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف اور چینی صدر کے درمیان بیجنگ میں ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور چیلنجز پر بات کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے چینی صدر سے ملاقات خصوصی دعوت پر کی۔ اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا آزمایا ہوا ہے آہنی دوست ہے اور پاک فوج کا اس پائیدار تعلق کے لیے اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

آصف غفور نے کہا کہ چینی صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کوسراہا اور پاکستان کی مسلح افواج کے علاقائی امن و استحکام میں کردار کو تسلیم کیا۔

چینی صدر نے کہا کہ چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھےگا۔ چینی صدر کہنا تھا کہ سی پیک کی مخالفت کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس سے قبل پیر کے روز آرمی چیف نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی چینی فوج کے سربراہ سے ملاقات ہوئی تھی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چینی فوج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

آرمی چیف نے پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات کی جس میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری اور دو طرفہ سیکورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں فوجی کمانڈرز نے علاقائی سلامتی کے ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ جنرل ہان نے پاک فوج کی جانب سے سی پیک کے لیے اعلیٰ درجے کی سیکیورٹی کو بھی سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ چینی فوج نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں کی تعریف کی اور پاک فوج کی جنگی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔