اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر بلاول بھٹو کا ناقابل یقین ردِ عمل سامنے آگیا

بیگم کلثوم کے انتقال کی وجہ سے شریف خاندان مشکل وقت سے گزر رہا تھا اور اس فیصلے کا آنا شریف خاندان کے لیے ایک ریلیف ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 ستمبر 2018 21:36

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر بلاول بھٹو کا ناقابل یقین ردِ عمل سامنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر بلاول بھٹو کا ناقابل یقین ردِ عمل سامنے آگیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ بیگم کلثوم کے انتقال کی وجہ سے شریف خاندان مشکل وقت سے گزر رہا تھا اور اس فیصلے کا آنا شریف خاندان کے لیے ایک ریلیف ہے۔

ہم فیصلے کے قانونی پہلوؤں پر کوئی رائے نہیں دے سکتے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اپیلوں کے مراحل ابھی باقی ہیں۔ پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہےکہ عدالتیں کسی کے خلاف سیاسی انتقام کے عمل کا حصہ نہیں ہیں، جمہوری نظام آگے بڑھانے کے لیے قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی لازمی جُز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور شہید محترمہ بینظیر نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کی لڑائی لڑی ہے اور پیپلز پارٹی عدلیہ کی آزادی کی جدوجہد کا ہراول دستہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی جدوجہد کے باوجود پیپلزپارٹی نے عدالتی فیصلوں کا سامنا کیا اور فیصلے خلاف آنے کے باوجود کبھی عدالتوں کو بےتوقیر نہیں کیا۔جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب سزا دی گئی تھی تب ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ ہائیکورٹ ضمانت دے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تو ہمیشہ ریلیف ملتا رہا ہے آج بھی مل گیا، تاہم ابھی سزا معطل ہوئی ہے ،،نواز شریف کو مقدمے کا تو سامنا کرنا پڑے گا، جبکہ نواز شریف نے جو جائیدادیں تسلیم کیں ان کی منی ٹریل تو دینی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ کمزور تحقیقات کی وجہ سے ہمیشہ طاقتور بچ جاتا ہے، تفصیلی فیصلہ آئے گا تو پتہ چلے گا کن نکات پر ریلیف دیا گیاہے۔