شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق، دو زخمی ہو گئے

بدھ ستمبر 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سعید آباد کے علاقے مواچھ گوٹھ حب ریور روڈ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے ایک شخص نے دم توڑ دیا ،پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 24سالہ سعید ولد یعقوب کے نام سے ہو ئی جبکہ زخمی کی شناخت انصار ولد عبداللہ کے نام سے کی گئی ،پولیس نے مزید بتایا کہ متوفی اور زخمی دوست اور بلدیہ کے رہائشی تھے ،سہراب گوٹھ کے علاقے الاصف اسکوائیر سپر ہائی وے پر سڑک عبور کرنے والے شخص کو نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے کچل دیا جس پر زخمی کو تشویشناک حالت میں عباسی اسپتال لایا گیا جہاں پر اس نے دم توڑ دیا پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 25سالہ خالد کے نام سے کی گئی اور ورثا بناکارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے ،فیروز آباد کے علاقے اللہ والی چورنگی طارق روڈ پر ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان موقع پر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 18سالہ شہباز ولد عبدالقیوم کے نام سے کی گئی جو کہ محمود آباد کا رہائشی تھا، خواجہ اجمیر نگری کے علاقے سیکٹر 5B3رحمانیہ موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی نے سڑک عبور کرنے والے عمر رسیدہ شخص کو کچل دیااور موقع سے فرار ہو گئی ،حادثے کی اطلاع ملتے ہی زخمی کو تشویشناک حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر زخمی نے دم توڑ دیا پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 75سالہ علی محمد ولد محمد حسین کے نام سے کی گئی جو کہ اسی علاقے کے رہائشی تھے ،ماڑی پور کے علاقے غلام عباس اسکول کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند دیا جس کے نتیجے میں اس پر سوار 2نوجوان شدید زخمی ہو گئے ،حادثے کی اطلاع ملتے ہی دونوں کو فوری سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے ایک نوجوان نے دم توڑ دیا پولیس نے بتایا کہ متوفی کی عمر 15سال کے قریب ہے اور شناخت نہیں کی جاسکی ہے جبکہ زخمی کی 17سالہ مہران ولد گل زیب کے نام سے ہو ئی ہے،منگھو پیر کے علاقے نورانی ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان موقع پر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش عباسی اسپتال لائی گئی پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 20سالہ دلبر ولد علی شیر کے نام سے کی گئی جو کہ منگھو پیر کا رہائشی تھا۔