پختون محب وطن ، پختونوں کے حوالے سے چلنے والا اشتہار قابل مذمت ہے‘ فیاض الحسن چوہان

اشتہار کے چلانے میں ملوث اشتہاری ایجنسی کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے ،ذمہ داران کے تعین کیلئے پی ٹی وی نیوز میں انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے‘صوبائی وزیر

بدھ ستمبر 23:23

پختون محب وطن ، پختونوں کے حوالے سے چلنے والا اشتہار قابل مذمت ہے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پختون ہمارے بھائی ہیں ۔ان کی پاکستان سے محبت غیر متزلزل ہے ۔پختون غیرت مند اور جرات مند لوگ ہیں۔ہم بطور پنجاب حکومت چند روز قبل پی ٹی وی نیوز میں پختونوں کے حوالے سے چلنے والے قابل اعتراض اشتہار کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور اس حوالے سے یقین دلاتے ہیں کہ اس اشتہار کے چلانے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میںلائی جائے گی ۔

غیور پختونوں کی دل آزاری کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا ۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مذکورہ قابل اعتراض مواد پر مبنی اشتہار کے چلنے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری انکوائری کا حکم دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ اشتہار میں قابل اعتراض مواد شامل کرنے پر متعلقہ اشتہاری ایجنسی کوبلیک لسٹ کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اشتہار کو جاری کرنے سے قبل اس کی مانیٹرنگ کے حوالے سے تمام ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیو ز پر چلنے والے اس اشتہار کی محکمانہ انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے تا کہ ذمہ داران کا تعین کر کے معاملہ کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ ہو سکتا ہے یہ قابل اعتراض مواد غیر دانستہ طور پراشتہار میں شامل اور بعد ازاں نشر ہو گیا ہو۔انہوں نے کہا کہ اشتہار سے متعلق معاملات کچھ بھی ہوں بہرحال انہیں اس اشتہار کے چلنے پر بے حد افسوس ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پختون قومی غیرت اور حب وطنی کے عکاس ہیں۔ ان کا احترام ملک کے تمام صوبوں میں یکساں اہمیت کا حامل ہے۔