حکومت نے عاشورہ محرم پرامن وامان اورمذہبی ہم آہنگی کے قیام کیلئے تمام تر حفاظتی وانتظامی وسائل کومتحرک کررکھا ہے، صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ

جمعرات 20 ستمبر 2018 00:20

فیصل آباد۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ/انچارج محرم انتظامات ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے عاشورہ محرم پرامن وامان اورمذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لئے تمام تر حفاظتی وانتظامی وسائل کومتحرک کررکھا ہے جن پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اس سلسلے میں متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔

انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عاشورہ محرم کے انتظامی وحفاظتی اقدامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر احمد خاورشہزاد نے صوبائی وزیر کو محرم انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ضمیر حسین،رضوان محمودچوہان،اسسٹنٹ کمشنرز ٹوبہ ٹیک سنگھ مصور نیازی،پیر محل سید جمیل حیدر شاہ،ڈی ایس پی صدر ارشاد احمد،ڈی ایس او عطاء الرحمن،چیف آفیسر بلدیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ احسان اللہ،چیف آفیسر بلدیہ گوجرہ زاہد تارڑ،امن کمیٹی کے ارکان مولانا حمید الدین رضوی،مفتی سعید اسد،میجر ندیم شہزاد ودیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے محرم الحرام کے انتظامات پر اپنے بھرپوراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں یوم عاشور انتہائی پرامن اورسکون طریقے سے منانے کے لئے تمام تر حفاظتی وانتظامی اقدامات کوہائی الرٹ رکھیں اور انتظامیہ وپولیس افسران موقع پر جا کر ضروری انتظامات کو باربار چیک کریں تاکہ کسی جگہ کوئی انتظامی وحفاظتی خلا نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستے پر کسی قسم کی رکاوٹ پیدانہ ہونے دیں اور تمام روٹس کو مکمل طور پر کلیئر رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر ضلع میں محرم انتظامات کی مانیٹرنگ کررہی ہیں اور محرم انتظامات کوکامیاب بنانے پر بھرپور توجہ مرکوز ہے لہٰذا تمام متعلقہ محکمے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے فرائض کی ادائیگی کیلئے چوکس رہیں۔صوبائی وزیر نے کنٹرول روم سے اہم جلوسوں ومجالس کی ذمہ دارانہ مانیٹرنگ کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فریضہ انتہائی ذمہ داری کا متقاضی ہے لہذا سیکورٹی کے حوالے سے مشکو ک افراد کی حرکات وسکنات پر مسلسل نظررکھی جائے اور حفاظتی وانتظامی امور میں کسی قسم کے مسئلہ یا شکایت کی صورت میں متعلقہ محکموں کی طرف سے فوری رد عمل کا مظاہرہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے یوم عاشور پرامن کمیٹی کے ارکان اور جلوسوں ومجالس کے منتظمین سے قریبی رابطہ رکھنے پر زور دیا تاکہ مربوط انداز میں امن وامان کی فضاکو خوشگواررکھا جائے۔انہوں نے اسلحہ کی نمائش،ہوائی فائرنگ،لائوڈ سپیکر کے استعمال، وال چاکنگ اور دیگر پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھنے کی تاکید کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام امن وآشتی اور پیار ومحبت کا درس دتیا ہے اور اسلامی تعلیمات پر کاربند رہنے سے کوئی دوسراہمیں نقصان پہنچانے کی جرات نہیں کر سکتا لہذا علماء کرام اورمذہبی رہنما اتحاد واتفاق اوربھائی چارے کی مثالی فضاء قائم رکھیں تاکہ کسی کو امن عامہ میں رخنہ اندازی کی جرات نہ ہو۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر احمد خاور شہزاد نے بتایا کہ محرم سیکورٹی پلان کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور ضلع میں قیام امن کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں یوم عاشور کے موقع پر انتظامی وحفاظتی اقدامات کی جدید اور ہائی ٹیک سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ نے بتایا کہ عشرہ محرم کے دوران ضلع بھر میں 334جلوس اور534مجالس کے لئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 26 شعلہ بیان مقررین کی زبان بندی جبکہ 31مقررین کی ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ موک ایکسرسائز کے علاوہ فلیگ مارچ،رضا کاروں کی ٹریننگ،لائسنس داروں سے میٹنگ،محرم روٹس کی سڑکوں کی تعمیر ومرمت وتجاوزات کے خاتمے،سیکورٹی آلات کی تنصیب اور ایمرجنسی لائٹس کا بندوبست کرنے کے علاوہ امن کمیٹی کے ارکان سے قریبی رابطہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی پولیس کی طرف سے جلوسوں ومجالس کی درجہ بندی کرکے حساس جلوسوں ومجالس پر اضافی سیکورٹی بھی تعینات کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے ۔امن کمیٹی کے ارکان نے محرم انتظامات کوکامیاب بنانے کے لئے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے افراد میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے جس کی بدولت امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔

بعدازاں صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے محرم ضلعی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور حفاظتی وانتظامی امور کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار کاجائزہ لیتے ہوئے سٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر احمد خاور شہزاد نے صوبائی وزیرآشفہ ریاض فیتانہ کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔