انسداد پولیو کی آئندہ سہ روزہ مہم سے قبل تمام تر تیاریوں کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 20 ستمبر 2018 00:20

فیصل آباد۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں 24ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی آئندہ سہ روزہ مہم سے قبل تمام تر تیاریوں کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے اور سابقہ مہم کو مدنظر رکھ کر خامیوں کا ازالہ ہونا چاہیے۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،اسسٹنٹ کمشنرز ڈاکٹرانعم،لیاقت علی کلہورو،محمد اورنگزیب کے علاوہ تعلیم،سماجی بہبود،لیبر،کوآپریٹو،پاپولیشن ویلفیئر،ٹرانسپورٹ،پنجاب وٹریفک پولیس،میونسپل کارپوریشن،پرائیویٹ سکولز الائنس،انجمن تاجران،عالمی ادارہ صحت اور پختون آبادیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کے ضروری انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور مائیکروپلان پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کرکے مطلوبہ اہداف حاصل ہونے چاہیں۔انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹس سٹینڈز میں نمایاں مقامات پر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے سے متعلق بینرز آویزاں کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ والدین کے ہمراہ سفر کرنے والے بچوں کو قطرے پلانے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ کوئی بس/ویگن پولیو ٹیموں کی کلیئرنس کے بغیر روانہ نہیں ہونی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اگر کسی جگہ غفلت نظر آئی تو سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔انہوں نے مہم کے سلسلے میں والدین کی آگاہی اوردیگر اقدامات کابھی تفصیلی جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مہم کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ متعلقہ سٹاف کی ٹریننگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور انسداد پولیو مہم کی کامیابی میں کوئی کسر اٹھانہیںرکھی جائے گی۔