ضیاء علمدار حسین فیصل آباد چیمبرکے بلامقابلہ صدر منتخب

جمعرات 20 ستمبر 2018 00:20

فیصل آباد۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) فیشن اینڈ ٹرینڈز کے سید ضیاء علمدار حسین فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے بلا مقابلہ صدر برائے سال 2018-19 منتخب ہو گئے ہیں ۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبران مزمل سلطان، چوہدری محمد نواز اور حاجی محمد رمضان کے علاوہ سیکرٹری جنرل عابد مسعود نے بھی شرکت کی۔

الیکشن شیڈول کے مطابق اس اجلاس میں صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے ملنے والے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس اجلاس کے بعد مزمل سلطان نے بتایا کہ 2018-19 کیلئے صدر ، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے ایک ایک ہی کاغذات نامزدگی موصول ہوا تھا۔

(جاری ہے)

جن کو جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دے دیا گیا ۔ اس طرح عبوری نتائج کے مطابق فیشن اینڈ ٹرینڈز کے سید ضیاء علمدار حسین صدر، میاں میڈیکو کے میاں تنویر احمد سینئر نائب صدر جبکہ جوبلی ٹیکسٹائل کے انجینئر احتشام جاوید نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

چوہدری محمد نواز نے بتایا کہ سید ضیاء علمدار حسین کا تعلق کارپوریٹ کلاس جبکہ میاں تنویر احمد کا تعلق ایسوسی ایٹ کلاس سے ہے ۔ سید ضیاء علمدار حسین ہوزری سیکٹر، میاں تنویر احمد فارماسوٹیکل اور انجینئر احتشام جاوید پروسیسنگ سیکٹر کی نمائندگی کرتے ہیں ۔حاجی محمدرمضان نے بتایا کہ الیکشن نتائج کا باضابطہ اعلان 29 ستمبر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر کیا جائے گا۔