آئی جی پنجاب کا فیصل آباد کا دورہ ،محرم الحرام کے سلسلہ میں سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا

جمعرات 20 ستمبر 2018 00:20

فیصل آباد۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) محمد طاہر انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فیصل آباد کا دورہ کیا۔غلام محمود ڈوگر آر پی او فیصل آباد اور دیگر پولیس افسران بھی ہمراہ تھے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کو آر پی او آفس کمیٹی روم میں محرم الحرام کے سلسلے میں ریجن بھر میں کیے گئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب نے آر پی او فیصل آبادکو ہدایا ت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یو م عاشورہ پر امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائیں جائیںاور تمام ذمہ داران پولیس افسران محنت و ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ محرم الحرام پر امن طور پر تکمیل پذیر ہو۔

(جاری ہے)

عوام کی جان و مال کی حفاظت اور امن کا قیام پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

اس کے بعد انہوں نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نمائندگان سے ملاقات کی اور انہیں محرم الحرام پر کئے گئے فول پروف سکیورٹی انتظامات سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے پولیس اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اورانٹیلی جنس بیسڈسرچ آپریشنز کئے جا رہے ہیںتاکہ کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے اور شر پسند اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقا صد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جرائم کے خاتمہ کیلئے مثبت اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہونگے۔