صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن کا محرم سیکورٹی پلان کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ا ور ڈی پی او کے ہمراہ سیکورٹی پلان کا جائزہ اجلاس

جمعرات 20 ستمبر 2018 00:30

سیالکوٹ۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اور امن کے سفاک دشمن کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کو موقع فراہم نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ضلع سیالکوٹ میںمحرم سیکورٹی پلان کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد طاہر وٹو ا ور ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی سے ڈی سی آفس میں ملاقات کے دوران کہی ۔

اے سی سیالکوٹ سعید احمد منج کے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کو سخت سیکیورٹی فراہم کی جائے اور صفائی ستھرائی ، اسٹریٹ لائٹس کے مناسب انتظامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یوم عاشور پر نکالے جانے والے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے خواتین پولیس بھی تعینات کی جائے اور جلوسوں کے روٹس پر آنے والی ٹریفک کی متبادل راستوں رہنمائی کیلئے ٹریفک پولیس خصوصی پلان تشکیل دے اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ جلوسوں میں عزاداروں کیلئے تبرک کی لگائے گئی سبیلوں کی بھی چیکنگ کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ قیام امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عمائدین سے قریبی رابطہ رکھا جائے اور ان کے آراء اور مشاورت کو شامل حال رکھا جائے ۔ ڈی سی سیالکوٹ اور ڈی پی او نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 9اور10محرم کونکالے جانے والے روائتی اور لائسنسی جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے سلسلہ میں تمام پیشگی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔

ڈی پی او نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع سیالکوٹ میں کل 1258مجالس اور 334جلوس نکالے جائیں گے جن میں سے 69مجالس اور40جلوس ہائے محرم کو حساس قرار دیکر اے کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی، بین المذہب ہم آہنگی کمیٹی ،ضلعی ایمرجینسی بورڈ اور ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جارہے ہیں ۔

ڈی سی نے بتایا کہ محرم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان بنایا گیا ۔ جبکہ ڈی سی کمیٹی میں ضلعی کنٹرول قائم کردیا گیا جہاں پر 32محکموں کے مقامی حکام اور نمائندگان 9اور10محرم کو موجود رہیں گے جبکہ چاروں تحصیلوں کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر سی سی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں اور ان کو آئی پی سروس سے کمیٹی روم کے ساتھ لنک کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ امن و امان کو برقرا رکھنے کیلئے 20مختلف مکاتب فکر کے علماء اور مذہبی رہنماؤں کی ضلع سیالکوٹ میں انٹری پر پابندی لگائی گئی ہے جبکہ 15شعلہ بیانوں کی زبان بندی کی گئی ہے۔ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد ہے جبکہ موبائل سروس بند ہونے کی صورت میں کمیونیکیشن کا متبادل پلان بھی بنایا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی سیالکوٹ میں حسب روایت محرم الحرام امن اور شانتی سے گذرے گا ۔ انہوں نے ڈی سی آفس میں قائم محرم کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا۔