انسداد پولیو مہم کے دوران لو پرفار منگ یونین کونسلز پر خصوصی توجہ دی جائے،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 20 ستمبر 2018 00:40

رحیم یار خان۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ پولیو قومی مسئلہ ہے ، اجتماعی کوششوں سے اس موذی مرض سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہے، انسداد پولیو مہم کے دوران لو پرفار منگ یونین کونسلز پر خصوصی توجہ دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمیٹی برائے انسداد پولیو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈائر یکٹر ہیلتھ سروسز بہاولپور ڈاکٹر غلام عباس، سی ای ا وہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی، اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر)ریاست علی، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان، ڈاکٹر غضنفر شفیق، ڈاکٹر سخاوت رندھاوا، ڈاکٹر فہد افتخار، ڈاکٹر عمران چغتائی، ڈاکٹر اسامہ سمیت دیگر تعاون کرنے والے اداروں کے سربراہان شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان کے تحت اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت اور تعاون کرنے والے اداروں کے افسران و ملازمین اپنے فرائض قومی جذبے سے انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے پولیو ٹیمیں فرائض سر انجام دے رہی ہے ان کی تربیت میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے اور ہر صورت مطلوبہ اہداف حاصل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع سے لیکر یونین کونسل سطح تک ٹر یننگ فراہم کرنے والے ٹرینرز سے سرٹیفکیٹس حاصل کئے جائیں کہ انہوں نے تمام افراد کو پولیو مہم کے سلسلہ میں ٹر یننگ فراہم کر دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی یونین کونسل میں افراد ی قوت کی کمی کا سامنا ہے تو بروقت آگاہ کریں تاکہ متبادل انتظام کیا جا سکے۔

انہوں نے خانہ بدوش، کچی آبادیوں، عارضی کمین گاہوں، اینٹوں کے بھٹوں پر موجود بچوں کی رجسٹریشن کا عمل فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی نے بتایا کہ 24ستمبر سے شروع ہونے والی تین روزہ انسداد پولیو مہم کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور فیلڈ سٹاف کی تربیت کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے ۔

مجموعی طور پر2276ٹیمیں انسدا د پولیو مہم میں حصہ لیں گی جس کی مانیٹرنگ کے لئے 466 ایریا انچارج ، 136 یونین کونسل میڈیکل آفیسران ، تحصیل اور ڈسٹرکٹ سپروائزر شامل ہیں ، پارٹنرز بھی پولیو ٹیموں کی مانیٹرننگ کرینگے۔ 134 ٹیمیں بس اڈوں پر جبکہ 236 ٹیمیں ہیلتھ سنٹرز پر تعینات ہونگی۔ڈاکٹر سخاوت رندھاوا نے بتایا کہ ضلع میں پانچ سال سے کم عمر9لاکھ41ہزار 300بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین پلائی جائے گی جبکہ ضلع بھر میں10ہزار523خانہ بدوش بچوں کی رجسٹریشن بھی مکمل کر لی گئی ہے علاوہ ازیں اس پولیو مہم کے دوران خسرہ سے بچائو کی حفاظتی مہم بھی چلائی جائے گی جو15تا27اکتوبر تک جاری رہے گی جس کے لئے عملہ کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر فہد افتخار نے گلوبل صو رتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اب تک پولیو کی18کیس سامنے آئے ہیں جس میں سے 14افغانستان اور04پاکستان کے ہیں۔اجلاس سے ڈاکٹر حسن خان، ڈاکٹر غضنفر شفیق ، ڈاکٹر اسامہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :