نواز شریف جیل سپریٹنڈنٹ کے کمرے میں فروٹ کیک اور پیسٹریاں کھاتے رہے

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف انتہائی خوش نظر آئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 ستمبر 2018 11:31

نواز شریف جیل سپریٹنڈنٹ کے کمرے میں فروٹ کیک اور پیسٹریاں کھاتے رہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2018ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا۔ جس کے بعد تینوں قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم آتے ہی تینوں قیدیوں کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا جس پر تینوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے تحت رہائی ملتے ہی خوش خوراک سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں فروٹ کیک اور پیسٹریاں کھاتے رہے ۔ سپرنٹنڈنٹ جیل نے سابق وزیراعظم نواز شریف ،سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہبازشریف ،سابق گورنر خیبر پختونخوا ہ مہتاب عباسی ،سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی اور دیگر کو اپنے کمرے میں خصوصی طور پر بٹھایا جہاں انہیں چائے کے ساتھ فروٹ کیک اور پیسٹریاں پیش کی گئیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف انتہائی خوش نظر آئے۔ رہائی ملنے کے بعد کارکنان کی کثیر تعداد کے باعث سکیورٹی اداروں کو بھی مشکلات کا سامنارہا ۔ اڈیالہ جیل کے باہر نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کے لیے کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے جیل سے باہر آنے ولای گاڑیوں پر گُل پاشی بھی کی۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی گاڑیاں سکواڈ میں شامل ہوجانے کی وجہ سے جیمر اور ایلیٹ فورس کی گاڑیاں سکواڈ سے پیچھے رہ گئیں ۔

بعدازاں کارکنان کی گاڑیوں کو روک کر سابق وزیر اعظم کا سکیورٹی سکواڈ پورا کیا گیا۔ جس کے بعد نواز شریف ایک قافلے کی صورت میں ائیر پورٹ روانہ ہوئے جہاں سے چودھری منیر کے خصوصی طیارے میں سوار ہو کر لاہور پہنچے۔گھر پہنچنے سے قبل ہی سابق وزیراعظم کی والدہ نے خانساماں کو ہدایت کی کہ نوازشریف کے لیے خصوصی کھانے تیار کئے جائیں جن میں قیمہ ،مٹن کڑاہی اور نہاری شامل تھی جس سے نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی خصوصی تواضع کی گئی۔