دُبئی: اب امارات میں مقیم پاکستانی صرف 200درہم میں وطن جا سکتے ہیں

اماراتی ایئر لائنز کی جانب سے شاندار رعایتی پیکیج متعارف کر ادیئے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 ستمبر 2018 11:32

دُبئی: اب امارات میں مقیم پاکستانی صرف 200درہم میں وطن جا سکتے ہیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 ستمبر 2018ء) اگر آپ متحدہ عرب امارات میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں اور ان دِنوں اپنے آبائی وطن پاکستان میں چھُٹیاں منانے یا مستقل واپسی کا سوچ رہے ہیں تو پھر خوش ہو جائیں۔ کیونکہ مختلف فضائی کمپنیوں کی جانب سے امارات کے رہائشیوں کے لیے انتہائی کم قیمت پر ٹکٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ شارجہ کی فضائی کمپنی ایئر عربیہ کی جانب سے بحرین، کراچی، کویت، مسقط، سلالہ کی فلائٹ پکڑنے پر ٹکٹ کا معاوضہ صرف 199درہم ہو گا۔

جبکہ بھارتی شہروں دہلی، جے پور، کوچی، کوزیکوڈھے، ممبئی، تریونداپورم جانے والوں کے لیے محض 169 درہم میں سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔اس ایئر لائن کی جانب سے دی گئی مزید رعایت جاننے کے لییلیے عوام ایئر عربیہ کی ویب سائٹ چیک کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دُوسری جانب اتحاد ایئر لائنز کی جانب سے’ڈیل فری‘ پیکج کے تحت ابوظہبی، بحرین، کویت، سعودی عرب، اومان، آذر بائیجان، اُردن، لبنان اور مصر کے تحت رعایتی ٹکٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس مقصد کے لیے مسافروں کو ٹکٹ کی بکنگ 29 ستمبر 2018ء سے 31 مارچ 2019ء کے درمیان کروانی ہو گی۔ ابو ظہبی سے بحرین تک کا سفر 813 درہم میں پڑے گا جبکہ کویت کے سفر کے لیے 973 درہم ادا کرنا ہوں گے۔ باقی مقامات کے لیے رعایتی نرخوں پر ٹکٹس کے بارے میں جاننے کے لیے اتحاد ایئر لائنز کی ویب سائٹ دیکھی جا سکتی ہے۔ بین الاقوامی شہرت کی حامل ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے ’ویکلی سیورز‘ کے نام سے متعارف کرائے گئے پیکج کے تحت پانچ روز کے لیے اکانومی کلاس کی ٹکٹس میں خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔

اس ہفتے بیروت، کراچی، بنکاک، ریو ڈی جینرو، ساؤ پولو اور دُنیا کے درجنوں اہم مقامات کی لیے ٹکٹس رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ مزید معلومات کے لیے مذکورہ ایئر لائن کی ویب سائٹ دیکھ لیں۔ امارات مقیم افراد نے ان پیکج کو بڑا ریلیف قرار دیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ حالیہ دِنوں ایئر لائنز کی جانب سے دی جانے والی رعایت سے فائدہ اُٹھا کر بیوی بچوں سمیت چھُٹیاں منانے جانا کافی کفایت شعاری کا باعث ہو گا۔