Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کے امارات کے دورے پر پاکستانی خاصے پُرجوش دکھائی دیئے

جولائی میں وزیر اعظم منتخب ہونے والے عمران خان کا یہ امارات کا پہلا دورہ ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 ستمبر 2018 11:59

وزیر اعظم عمران خان کے امارات کے دورے پر پاکستانی خاصے پُرجوش دکھائی ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 ستمبر 2018ء) گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی عرب کے دورے سے واپسی پر متحدہ عرب امارات کا مختصر دورہ کیا۔ ابوظہبی کے ولی عہد اور اماراتی آرمڈ فورسز کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اُن کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر امارات میں مقیم پاکستانی وزیر اعظم کے دورے کے حوالے سے بہت پُرجوش دکھائی دیتے تھے۔

بیشتر پاکستانیوں کا خیال تھا کہ کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے کے باعث پاکستان کی بحرانوں میں گھری معیشت کو اقتصادی استحکام کی جانب گامزن ہونے میں مدد مِلے گی۔ امارات کی ایک ٹیلی کام فرم میں سینئر مینجر کے عہدے پر تعینات اطہر فاروق کا کہنا تھا ’’وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سعودی عرب اور امارات کی دورے سے ان ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بہت زیادہ پُرجوش ہے۔

(جاری ہے)

امارات کے دورے سے پتا چلتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان انتہائی خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ عمران خان ایک بڑے جگرے والا لیڈر ہے اور ہمیشہ بے باکی کے ساتھ فیصلے کرتا ہے۔ پاکستانی قوم کو اپنے نئے وزیر اعظم بہت توقعات ہیں۔ ‘‘ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی عمر فاروق نے اس موقع پر کہا ’’میں اس بات کا منتظر ہوں کہ اس دورے کے بعد تعلقات میں مزید کس حد تک اضافہ ہو گا۔

پاکستان میں طویل عرصے سے حقیقی تبدیلی کے لیے آوازیں بُلند ہوتی رہیں اور عمران خان نے یہ تبدیلی لا کر دکھا دی، وہ کروڑوں لوگوں کی آنکھوں کا تارا ہی۔ مجھے اُمید ہے کہ پاکستان ، سعودی عرب اور متحدہ عرب کا آپسی اشتراک تینوں ممالک کی ترقی کی رفتار میں تیزی سے اضافہ کرے گا اور ان خطوں کے لوگ ایک دوسرے کی مہارت اور تجربے سے بیش بہا فائدہ اُٹھائیں گے۔

‘‘ خاتون صحافی اور تھیٹر آرٹسٹ آمنہ خویشگی کا کہنا تھا ’’متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تارکین وطن نے اپنے مُلک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ لوگ محنت سے رقم کما کر کثیر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں، ووٹ کے ذریعے پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لیے کوشاں نظر آتے ہیں اور پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر کے مُلکی معیشت کو ترقی دینے کا باعث بنتے ہیں۔

میں گزشتہ دِنوں امارات میں مقیم ایک ایسے پاکستانی ڈرائیور کو مِلی جس نے اپنے علاج کے لیے جمع کی رقم پاکستان میں قائم ڈیم فنڈ میں جمع کروا دی۔ مجھے پُوری اُمید ہے کہ ہمارے نئے وزیر اعظم ان قربانیوں اور خاموش ہیروز کو عزت و وقار سے نوازیں گے اور اماراتی میں مقیم پاکستانیوں کو اپنے بھرپور تعاون مہیا کریں گے۔ دُبئی میں مقیم پاکستانی اکاؤنٹنٹ محمد عامر نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ عمران خان کے دورے کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔ عمران خان کے کرپشن فری پاکستان کے نعرے نے اُنہیں پاکستانی عوام کا مقبول ترین لیڈر بنا دیا ہے۔ اُمید ہے کہ پاکستانی عوام کی لُوٹی گئی دولت کی واپسی سے پاکستانی معیشت کو استحکام نصیب ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات