ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے، امریکی وزارت خارجہ

مشرق وسطیٰ سمیت کئی دوسرے ملکوں میں موجود دہشت گردوں کو ایران کی طرف سے مدد فراہم کی جاتی ہے،محکمہ خارجہ

جمعرات 20 ستمبر 2018 12:05

ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے، امریکی وزارت خارجہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) امریکی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر ایران کی دہشت گرد نواز پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایران کو دہشت گردی کا دنیا کا سب سے بڑا سرپرست قرار دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران دہشت دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے۔

مشرق وسطیٰ سمیت کئی دوسرے ملکوں میں موجود دہشت گردوں کو ایران کی طرف سے مدد فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بحرین، افغانستان، عراق، لبنان اور یمن میں تشدد کو ہوا دینے اور اپنے ایجنٹوں کے ذریعے فرقہ واریت کی لڑائیوں کے لیے ایران بھرپور مدد کررہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کی مدد سے مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی میں سرگرم لبنانی حزب اللہ ملیشیا شام کی جنگ کے باعث زیادہ جرات کے ساتھ سامنے آئی ہے اور اس گروپ نے شام میں اپنی جنگی مہارتوں میں مزید اضافہ کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2017ء کے بعد امریکا اور اس کے اتحادیوں نے داعش اور القاعدہ جیسے گروپوں کے خلاف کارروائیوں میں اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سنہ 2017ء میں اس سے پچھلے سال 2016ء کی نسب دہشت گردی کی کارروائیوں میں27 فی صد کمی دیکھی گئی۔