بے گناہ کشمیری نوجوانوںکا قتل بھارتی جمہوریت کے ماتھے میں بدنما دھبہ ہے‘ یاسین ملک

قاتلوں اور ظالموں کو انسانیت کیخلاف روا رکھے جانے والے اس ظلم و جبر کا ایک نہ ایک دن حساب دینا ہی پڑے گا

جمعرات 20 ستمبر 2018 12:12

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے شہید بلال احمد نجار،نور الامین ڈگہ اور معروف احمد ناتھ کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کا بہیمانہ قتل نام نہاد بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنما دھبہ ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے بلال احمد نجار اور نور االامین ڈگہ کو 18ستمبر2010کو اسلام آباد کے علاقے کھنہ بل میں اس وقت فائرنگ کر کے شہید کیا تھا جب وہ شہید معروف احمد ناتھ کی نماز جنازہ پڑھ رہے تھے جس نے بھارتی فورسز کے تعاقب پر دریا میں چھلانگ لگائی تھی اور ڈوبنے کے باعث شہید ہوا تھا۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک نے کہا کہ ان تینو ں بے گناہ نوجوانوں کے قاتل جن میں پولیس کا ایک ڈی ایس پی بھی شامل ہیں تاحال آزادانہ گھوم رہے ہیں اور گرفتار کرنے کے بجائے انہیں ترقیوں اور تمغوں سے نواز جا رہا ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی فورسز 2008سے کشمیری نوجوانوں کا بے دریغ خون بہا رہی ہیں لیکن قاتلوں اور ظالموں کو انسانیت کے خلاف روا رکھے جانے والے اس ظلم و جبر کا ایک نہ ایک دن حساب دینا ہی پڑے گا۔

محمد یاسین ملک نے محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی ، عزا داروں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محرم کے جلوسوں کو روکنے کیلئے سرینگر میں اس طرح سے بڑے پیمانے پر پابندیاں لگائی گئی ہیں جیسے کوئی جنگ ہورہی ہو۔محمد یاسین ملک نے قابض انتظامیہ کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کو دینی معاملات میں صریحاً مداخلت قرار دیا۔

انہوںنے بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر منالی میں ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے غنڈوں کی طرف سے کشمیری تاجروں پر حملوں،ان کے کاروباری مراکز کو تہس نہس کرنے اور انہیں فی الفور منالی چھوڑ کر چلے جانے کی دھمکیوں کی کی شدید مذمت کی ۔ دریں اثناء لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ کی قیادت میں تنظیم کا ایک وفد شہید رئوف احمد کے اہلخانہ کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے ضلع اسلام آباد کے علاقے آنچی ڈورہ گیا۔ وفد میںبشیر احمد بٹ کے علاوہ محمد اسحاق گنائی، مشتاق احمد کوچھے اور نذیر احمد خان شامل تھے۔