واقعہ کربلا نہ صرف مسلمانوں بلکہ جذبہ حریت رکھنے والی تمام قوموں کے لیے ایک سبق ہے

بھارتی فوج کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد کو ہرگز شکست نہیں دے سکتی، علی رضا سید

جمعرات 20 ستمبر 2018 13:34

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاہے کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؑ نے عظیم قربانی دے کر حق و صداقت کی حفاظت کی ایک ایسی مثال قائم کر دی ہے جو رہتی دنیا تک منور رہیگی۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلاظلم کے خلاف جدوجہد کانام ہے اور یہ ایک د رس حریت بھی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام بھی کربلاکے عظیم پیغام سے متاثرہوکراپنے اس وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس پر بھارتی فوج قابض ہے۔

(جاری ہے)

علی رضا سیدنے کہا کہ کربلا ظلم و ستم کے خلاف ایک پائیدارجدوجہد کاپیغام ہے اور یہ معرکہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ جذبہ حریت رکھنے والی تمام قوموں کے لیے ایک سبق ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلانے ثابت کیا ہے کہ سچائی اورحق کی قوتیں ہی باطل کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔ علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری بھی حق پر ہیں اور بھارتی فوج کی جنگی سازوسامان کی برتری ان کے حوصلے کم نہیں کرسکتی اور نہ ہی انھیں شکست دے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اس وقت آٹھ لاکھ بھارتی فوجیوں کاسامنا کررہے ہیں اوروہ دن دورنہیں جب انہیں فتح اورآزادی نصیب ہوگی ۔