دُبئی: بھارتی ٹیم کے پُرجوش سپورٹر سُدھیر گوتم کو پاکستانی نے جہاز کی ٹکٹیں فراہم کر دیں

اپنے جسم کو ترنگے میں رنگنے والے گوتم کو رہائش کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 ستمبر 2018 13:45

دُبئی: بھارتی ٹیم کے پُرجوش سپورٹر سُدھیر گوتم کو پاکستانی نے جہاز ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 ستمبر 2018ء) اس وقت دُنیا بھر کے شائقین کرکٹ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے دلچسپ میچز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہوتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 1947ء کے بعد سے ہی تعلقات تلخی کا شکار ہیں اور یہ تلخی کھیل کے میدانوں میں بھی نظر آتی ہے۔

دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیمیں جب بھی ٹکراتی ہیں تو یوں لگتا ہے جیسے کوئی میچ نہیں بلکہ جنگ ہو رہی ہو۔ میچ سے قبل ہی دونوں جانب سے لفظی گولہ باری کا آغاز ہو جاتا ہے۔ میدان میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بہت جارحانہ موڈ میں نظر آتے ہیں اور کئی بار تُوتکار بھی ہو جاتی ہے۔ یہ سب ایک طرف، مگر دُبئی میں موجود ایک پاکستانی شخص بشیر نے ایسی مہربانی کر ڈالی جس پر دونوں روایتی حریفوں کے حامی بھی عش عش کر اُٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

بشیر پاکستانی ٹیم کے انتہائی پُرجوش سپورٹر ہیں، جنہیں چاچا شکاگوکے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے بھارتی ٹیم کے مشہورِ زمانہ سپورٹر سُدھیر گوتم کو نہ صر ف جہاز کی ٹکٹیں خرید کر دیں بلکہ اُن کی امارات میں رہائش کا بندوبست بھی کر ڈالا تاکہ سُدھیر ایشیا کپ کے میچز میں اپنی منفرد انداز کی نمائندگی سے محروم نہ رہ جائے۔ سُدھیر گوتم لیجنڈ بھارتی بلّے باز سچن ٹنڈولکر کا پُرجوش سپورٹر ہے۔

وہ ہندوستان میں منعقد ہونے والے ہر بین الاقوامی کرکٹ میچ میں اپنے جسم کو ترنگے کے ڈیزائن میں پینٹ کر کے بھارتی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتا نظر آتا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت سے باہر بھی اکثر و بیشتر تماشائیوں میں بیٹھا نظر آتا ہے۔ مگر اب کی بار اُسے مالی پریشانیوں نے گھیر رکھا تھا اور کوئی سپانسر بھی میسر نہیں تھا۔ اُس نے اپنے پاکستانی دوست بشیر کو بتایا کہ اس بار وہ ایشیا کپ کے مقابلوں میں نہیں آ سکے گا۔

یہ بات سُن کر فراخ دِل کے مالک بشیر نے کہا کہ فکر نہ کرو، میں کوئی امیر کبیر شخص نہیں ہوں، مگر خُدا نے مجھے سمندر جتنا وسیع دِل دیا ہے۔ میں تمہارے لیے امارات آنے اور واپس وطن جانے کے لیے ٹکٹس کا بندوبست کروں گا۔ تمہاری مدد کرنے سے اللہ مجھ سے راضی ہو گا۔ اور پھر ایشیا کپ کے آغاز سے قبل بشیر نے وعدے کے مطابق ٹکٹس بھجوا دیں اور اُس کی رہائش کا بھی مناسب بندوبست کر دیا۔ بشیر کے اس اقدام کو بھارت اور پاکستان کے کرکٹ شائقین کی جانب سے بہت سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ بھارتی صارفین کا کہنا تھا کہ بشیر جیسے لوگوں کے باعث پاکستان بھارت کے کشیدہ تعلقات گہری اور نہ ختم ہونے والی دوستی میں بدل سکتے ہیں۔