نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی قبر پر حاضری، فاتحہ خوانی کی

مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر اور دیگر اہلخانہ نے بھی کلثوم نواز کی قبر پر فاتحہ خوانی کی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 20 ستمبر 2018 13:46

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2018ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا۔ جس کے بعد تینوں قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم آتے ہی تینوں قیدیوں کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا جس پر تینوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف نے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی قبر پر حاضری دی ہے اور فاتحہ خوانی بھی کی ہے۔اس موقع پر مریم نواز، کیپٹن ر صفدر اور دیگر اہلخانہ بھی موجود تھے جنہوں نے کلثوم نواز کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔ جب کہ نوازشریف سے اظہار تعزیت کےلئے رشتہ داروں اور کارکنان کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے گذشتہ شب اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد کارکنان کی کثیر تعداد کے باعث سکیورٹی اداروں کو بھی مشکلات کا سامنارہا ۔ اڈیالہ جیل کے باہر نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کے لیے کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے جیل سے باہر آنے ولای گاڑیوں پر گُل پاشی بھی کی۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی گاڑیاں سکواڈ میں شامل ہوجانے کی وجہ سے جیمر اور ایلیٹ فورس کی گاڑیاں سکواڈ سے پیچھے رہ گئیں ۔

بعدازاں کارکنان کی گاڑیوں کو روک کر سابق وزیر اعظم کا سکیورٹی سکواڈ پورا کیا گیا۔ جس کے بعد نواز شریف ایک قافلے کی صورت میں ائیر پورٹ روانہ ہوئے جہاں سے چودھری منیر کے خصوصی طیارے میں سوار ہو کر لاہور پہنچے۔گھر پہنچنے سے قبل ہی سابق وزیراعظم کی والدہ نے خانساماں کو ہدایت کی کہ نوازشریف کے لیے خصوصی کھانے تیار کئے جائیں جن میں قیمہ ،مٹن کڑاہی اور نہاری شامل تھی جس سے نوازشریف ،،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی خصوصی تواضع کی گئی۔