امریکہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے،

پاکستان امریکہ کو 3.7 ارب ڈالر کی مجموعی برآمدات کا 17 فیصد برآمدات کرتا ہے ، فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی کے صدرغضنفر بلور کی امریکہ میں کاروباری برادری کے رہنمائوں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

جمعرات 20 ستمبر 2018 14:07

امریکہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) امریکہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور پاکستان امریکہ کو 3.7 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے جو ملک کی مجموعی برآمدات کا 17 فیصد ہیں. پاک امریکہ دو طرفہ تجارت میں پاکستان کا ٹریڈ سرپلس 1.6 ارب ڈالر ہے۔ فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے صدرغضنفر بلور امریکہ میں کاروباری برادری کے رہنمائوں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں تاکہ انھیں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جا سکے اور دونوں ملکوں کے مابین تجارت میں اضافہ کیا جا سکے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدرغضنفر بلور 13 رکنی وفد کے ہمراہ امریکہ کے دورہ پر ہیں۔ اپنے دورہ کے دوران وہ دنیا بھر کے چیمبرز کے ایکسپو میں شرکت کے علاوہ گریٹر چیمبر آف کامرس نیویارک سے مفاہمت کی ایک یاداشت پر بھی دستخط کریں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی چیمبر کے صدر وفد کے ہمراہ یو ایس چیمبر آف کامرس، بروکلین چیمبر آف کامرس ، نیویارک ہسپانک چیمبراور پاکستان امریکن کونسل کے عہدیداروں اور ممبران سے بھی ملاقاتیں کریں گے جنھیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فوائد، سی پیک کے تناظر میں ترقی کی صورتحال ، باہمی تجارت کے فروغ اور دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے حوالے سے بریفنگز دی جائیں گی۔

وفد میں ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین اور بعض چیمبروں کے صدوراور دیگر کاروباری اور صنعتی شخصیات بھی شامل ہیں۔ پاکستان کو کی جانے والی مجموعی ترسیلات زر میں امریکہ کا حصہ 13 فیصد ہے۔ دورہ سے پاک امریکہ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور ترسیلات زر کے فروغ میں مدد ملے گی۔