پاکستان سمیت دنیا کے مختلف دیگر ملکوں میں بھی نواسہ رسولﷺ کا غم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے،ایران و عراق کے مختلف شہروں میں بھی غم شہدائے کربلا منائے جانے کا سلسلہ جاری

جمعرات 20 ستمبر 2018 14:37

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف دیگر ملکوں میں بھی نواسہ رسولﷺ کا غم نہایت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف دیگر ملکوں میں بھی نواسہ رسولﷺ اور آپ کے اصحاب باوفا کا غم نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اورلوگ وسیع پیمانے پر مجالس غم اور جلوس ہائے عزا میں شریک ہو رہے ہیں۔عزا خانے اور امام بارگاہیں سیاہ پوش ہیں اور حسینی عزادار کالے کپڑوں میں ملبوس یاحسین یا عباس، ہائے سکینہ ہائے پیاس کی صدائیں بلند کر رہے ہیں۔

تمام غمگسار گریا کناں ہیں اور حسینی متوالے آنسو بہا کر اور سینہ زنی کے ساتھ شہدائے کربلا کی یاد مناتے ہوئے باچشم نم خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ایران کے مختلف دیگر شہروں میں بھی شہدائے کربلا کے غم میں عزاداری و سینہ زنی اپنے عروج پر جا پہنچی ہے اور ہر طرف جلوس عزا برآمد کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی مناسبت سے ایران کے مقدس شہروں کے ساتھ ساتھ زنجان اور یزد میں وہاں کے خصوصی انداز میں عزاداری کی رسومات ادا کی جا رہی ہیں جس کی بنا غم و حزن وملول کا ایک عجب منظر بنا ہوا ہے۔

عراق کے مختلف شہروں میں بھی غم شہدائے کربلا منائے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور کربلائے معلی میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حسینی سوگواروں کا مجمع تیزی کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ ایران و عراق میں یوم عاشور جمعرات جبکہ پاکستان میں جمعہ کو منایا جارہا ہے۔