شہدائے کربلا کے جذبہ ایثا ر ، قربانی اور غیر متز لزل ارادے پر عمل پیرا ہو کر تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے سپیکر قومی اسمبلی

حضرت امام حسین ر ضی اللہ عنہ اوران کے ساتھی قرآنی تعلیمات ،برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں‘اسد قیصر

جمعرات 20 ستمبر 2018 14:32

شہدائے کربلا کے جذبہ ایثا ر ، قربانی اور غیر متز لزل ارادے پر عمل پیرا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے باہمی اختلافات، تنگ نظری اور فرقہ واریت کو بھلا کر اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے اپنی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ حضرت امام حسین ر ضی اللہ عنہ اوران کے ساتھی قرآنی تعلیمات ،برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں۔

انہوں نے کہا واقعہ کربلا اللہ تعالی اور یوم آخرت پرغیر متزلزل ایمان ، بے مثال تقویٰ ، بہادری ،اللہ کی راہ میں صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے جو قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ بحثیت مسلمان یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معاشرے میں انتشار پھیلارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی اور ملکی تعمیر و تر قی کے لیے خود کو وقف کر دیں ۔انہوں نے یوم عاشورہ کی قربانی کو باطل کے خلاف دی جانے والی عظیم قربانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی قیامت تک آنے والوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ کا معرکہ جوسچائی اور باطل قوتوں کے مابین پیش آیا مسلمانوں کو حق وسچ کے لیے باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا یہی وہ راستہ ہے جس پر حضرت محمد ﷺ نے ہمیں عمل پیرا ہونے کا درس دیا ہے اور جس کے لیے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں نے بے مثال قربانیوں پیش کیں ۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں حق وسچ پر ثابت قدم رہنے اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے ۔