ملک بھر کی طرح آزادومقبوضہ کشمیرمیں بھی یوم عاشور آج جمعة المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایاجارہاہے

مساجدو مدارس ،خانقاہوں اور گھروں میں قرآن خوانی، دعائیہ تقریبات ،محافل و مجالس اور جلوس نکالے جائیں گے،جمعة لمبارک کے اجتماعات میں علماء کرام فلسفہ شہادت امام عالی مقام ؓ کو بیان کریں گے بیشتر خواتین و حضرات روزہ رکھیں گے ‘دعائیہ تقریبات میں کثیر لنگر،نیاز بھی پیش کی جائیگی ‘ترجمان مرکزی سیرت کمیٹی ‘عصر حاضر کی باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم کو اسوہ ء ِ حسینی ؓ پر عمل پیرا ہونا ہوگا، صرف اسی صورت مسلم امہ یذیدی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے‘علماء کرام

جمعرات 20 ستمبر 2018 14:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) ملک بھر کی طرح آزادومقبوضہ کشمیرمیں بھی یوم عاشور آج جمعة المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایاجارہاہے ،دن کی مناسبت سے مساجدو مدارس ،خانقاہوں اور گھروں میں قرآن خوانی، دعائیہ تقریبات ،محافل و مجالس اور جلوس نکالے جائیں گے،جمعة لمبارک کے اجتماعات میں علماء کرام فلسفہ شہادت امام عالی مقام ؓ کو بیان کریں گے اور سیدالشہداء امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ‘ اور آپ ؓ کے جانثار رفقاء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، جبکہ بیشتر خواتین و حضرات روزہ رکھیں گے ۔

ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میںیوم عاشور کے موقع پر دعائیہ تقریبات میں کثیر لنگر،نیاز بھی پیش کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآبادکے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ دعائیہ اجتماع میں قرآن خوانی کے بعد افطار کا خصوصی انتظام کیا گیا۔اجتماعات میں جید علماء کرام نے سیدالشہداء حضرت امام عالی مقام سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ‘ اورآپؓ کے جانثار رفقاء ؓ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ،علماء کرام نے اپنے خطاب میں کہاکہ سیدنا امام عالی مقامؓ نے میدان کرب و بلا میں ایک باطل قوت کے خلاف قیام فرمایا۔

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی عظیم قربانی سے یزید ملعون کو ہی نہیں بلکہ ایک باطل قوت کو شکست فاش سے دوچارکیا۔ پوری دنیا میں اسلام کا پرچم سربلند ہوااور تاروز قیامت امت مسلمہ کے سامنے ایک عظیم روشن مثال پیش کردی کہ دین حق کے لئے صبرواستقامت کے ساتھ کس طرح ڈٹ کر باطل قوتوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عصر حاضر کی باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم کو اسوہ ء ِ حسینی ؓ پر عمل پیرا ہونا ہوگا، صرف اسی صورت مسلم امہ یذیدی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ بدقسمتی مسلمان پوری دنیامیں ذوال کا شکارہو رہے ہیں اس کی بنیادی وجہ ذات رسالت مآب ﷺ سے کمزور تعلق اور اسوہ رسول پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلمان سیدنا امام عالی مقام ؓ کی مبارک حیات اور آپ ؓ کی عظیم قربانی کو اپنے لئے نمونہ عمل بنالیں تو دنیا وآخرت میں سرخروئی ان کا مقدر بن جائے گی۔علماء کرام نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ محرم الحرام صبر و استقامت کے ساتھ دین حق کا پرچم تھام لینے کے ساتھ ساتھ امت کو امت واحدہ بن کر اتحادو یگانگت سے آگے بڑھنے کا بھی درس دیتاہے، مسلمان باہمی انتشار، فرقہ بندیوں کو پس پشت ڈل کر دین محمدی ﷺ کو اپنے لئے نمونہ بنالیں تو کوئی یذیدی طاقت انہیں زیربار نہیں کرسکتی۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے دوران عاشورہ محرم کی مناسبت سے منعقدہ محافل پر بھارتی فورسز کی جانب سے قدغن لگانے کی پرزورالفاظ مین مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ ریاست میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں اور مسلمانان کشمیر کو ان کے مذہبی عقائد کے مطابق زندگی گزارنے اور انہیں ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا کرداراداکریں۔