صوبہ بھرمیں محرم سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کارلایاجائے‘آئی جی پولیس پنجاب

یوم عاشورہ صوبہ بھر میں امن وامان کی فضابرقراررکھنے کیلئے پولیس افسران واہلکار جذبہ ایمانی کے ساتھ ہائی الرٹ ہوکرپیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے گی‘محمد طاہر

جمعرات 20 ستمبر 2018 15:00

ْ سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس محمدطاہرنے کہاہے کہ یوم عاشورہ صوبہ بھر میں امن وامان کی فضابرقراررکھنے کیلئے پولیس افسران واہلکار جذبہ ایمانی کے ساتھ ہائی الرٹ ہوکرپیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے گی تاکہ نقص امن کی ہرکوشش سمیت شر پسند اور دہشت گرد عناصر کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملایاجاسکے ۔

انہوں نے دورہ سرگودھا میں کہاکہ یوم عاشورکے مرکزی جلوسوں کے آغازسے قبل جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ، سپیشل برانچ کی ٹیموں اورسونگھنے والے کتوں کی مدد سے سکریننگ اور چیکنگ کے عمل کو ہرصورت یقینی بنایاجائے جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلئے مساجد اور امام بارگاہوں سے 100فٹ کے فاصلے پرپارکنگ کا معقول انتظام کیاجائے جہاں چاک و چوبند جانباز اہلکاراچھی طرح چیک کرنے کے بعد گاڑیوں کو پارکنگ میں لگوائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبہ بھرمیں محرم سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کارلایاجائے اور جلوسوں اورمجالس کے اوقات کارکی پابندی کو ہرصورت یقینی بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ حساس اضلاع میں امام بارگاہوں، ماتمی جلوسوں اورمجالس کے مقامات کے گرد ونواح میں سرچ،سویپ،کومبنگ اورانٹیلی جنس بیسڈآپریشنزکے سلسلے میں مزیدتیزی لائی جائے اور لاؤڈ اسپیکرایکٹ ،وال چاکنگ ،اسلحہ کی نمائش اورہوائی فائرنگ پر پابندی پر عمل درآمدکوسختی سے یقینی بنایاجائے ۔انہوں نے سرگودھاریجن میں محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور میڈیاسے گفتگو کی ۔