آئی جی پنجاب محمد طاہرکا محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے سرگودھا کادورہ

محرم الحرام کے دوران تمام حساس جلوسوں اور مجالس کو طے شدہ ایس او پی کے مطابق ہر صورت 4لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے ‘آئی جی

جمعرات 20 ستمبر 2018 15:00

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) آئی جی پنجاب محمد طاہرنے محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے سرگودھا کادورہ کیا جہاں اجلاس کی صدارت کی جس میں آر پی اوسرگودھا سلطان احمد چوہدری ۔ڈی پی او سرگودھامحمد حسن رضاخان ، ڈی پی او میانوالی سید کرار حسین ،ڈی پی او خوشاب حسنین حیدر اورڈی پی او بھکر خرم شکوربھی موجود تھے ۔

اس موقع پرریجنل پولیس آفیسر سرگودھا سلطان احمد چوہدری نے آئی جی پولیس پنجاب کو ریجن میں محرم الحرام کے سلسلہ میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی جس پر آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام حساس جلوسوں اور مجالس کو طے شدہ ایس او پی کے مطابق ہر صورت 4لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے جبکہ عزاداروں کی سیکیورٹی کیلئے مرکزی جلوسوں کے راستے میں آنے والی عمارتوں اورامام بارگاہوں کی چھتوں پر سنائپرزکولازمی تعینات کیاجائے اور مجالس اور جلوسوں کے اندر سادہ لباس میں پولیس کمانڈوزبھی موجودہوں جو کسی عزادار کو میٹل ڈٹیکٹر،واک تھروگیٹ سے چیک ہوئے بغیر جلوس یامجلس میں ہرگز داخل نہ ہونے دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی پوائنٹ پر 4لئیر سیکیورٹی کی فراہمی میں کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ نظر آیا تومتعلقہ انچارج کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں امن و امان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس فورس کی اولین ذمہ داری ہے جسے افسران واہلکاربھرپور محنت ، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ اداکریں اور معاشرے سے جرائم پیشہ عناصرکی فوری سرکوبی کیلئے عشرہ محرم کے بعد نئی موثر حکمت عملی کے تحت کریک ڈاؤن کاسلسلہ شروع کیاجائے ۔آئی جی پنجاب نے زیر تفتیش سنگین مقدمات کو جلد از جلد یکسو کر نے اور مقدمات میں ملوث مجرمان اشتہاریوں کوگرفتار کرنے کے بارے میں احکامات بھی جاری کیے ۔