ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے اپنی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں،

حضرت امام حسین ر ضی اللہ عنہ اوران کے ساتھی قرآنی تعلیمات، برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر یوم عاشورہ کا معرکہ مسلمانوں کو حق وسچ کے لئے باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے،قاسم خان سوری یوم عاشور کے موقع پرسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا پیغام

جمعرات 20 ستمبر 2018 15:43

ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے باہمی اختلافات، تنگ نظری اور فرقہ واریت کو بھلا کر اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے اپنی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں، حضرت امام حسین ر ضی اللہ عنہ اوران کے ساتھی قرآنی تعلیمات، برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا اللہ تعالی اور یوم آخرت پرغیر متزلزل ایمان، بے مثال تقویٰ، بہادری، اللہ کی راہ میں صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے جو قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ بحثیت مسلمان یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے معاشرے میں انتشار پھیلا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی اور ملکی تعمیر و تر قی کے لیے خود کو وقف کر دیں۔انہوں نے یوم عاشورہ کی قربانی کو باطل کے خلاف دی جانے والی عظیم قربانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی قیامت تک آنے والوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ کا معرکہ جوسچائی اور باطل قوتوں کے مابین پیش آیا مسلمانوں کو حق وسچ کے لئے باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا یہی وہ راستہ ہے جس پر حضرت محمد نے ہمیں عمل پیرا ہونے کا درس دیا ہے اور جس کے لئے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں نے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں حق وسچ پر ثابت قدم رہنے اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔