ایندھن نہ ہونے پر پی آئی اے کی متعدد پروازیں منسوخ

پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو ایندھن کی فراہم بند کردی

جمعرات 20 ستمبر 2018 15:46

ایندھن نہ ہونے پر پی آئی اے کی متعدد پروازیں منسوخ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان اسٹیٹ آئل نے واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی فضائی کمپنی کو ایندھن کی فراہم بند کردی ہے جس کے نتیجے میں پی آئی اے کی متعدد پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایس او اور پی آئی اے کے درمیان واجبات کی ادائیگیوں کا تنازع شدت اختیار کرگیا جس کا نقصان مسافروں کو ہورہا ہے جو پروازیں منسوخ ہونے کے باعث شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔

پی آئی اے پر فیول کی مد میں 303 ارب روپے کے واجبات ہیں جس کے باعث پی ایس او نے ایندھن کی فراہمی بند کردی ہے۔ ایندھن کی قلت کے باعث پی آئی اے کی اندرون اور بیرون ممالک جانے والی متعدد پروازیں تاخیرکا شکار اور منسوخ کردی گئی ہیں۔ متعدد مسافر کراچی اور اسلام آباد سے اپنی منزل پر نہ جاسکے۔

(جاری ہے)

پی ائی اے کی کراچی سے لاہور پرواز پی کے 316، پی کے 368، کراچی سے بہاولپور پی کے 588، کراچی سے عراق پی کے 219 اور کراچی تا اسلام آباد پی کے 307 منسوخ کردی گئی ہیں۔

صورتحال کے باعث مسافر ائیر پورٹ پر سامان کے ساتھ رات گزارنے پر مجبور ہوگئے اور ان کی پی ائی اے عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان مزاکرات ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد بحران مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ کا موقف ہے جلد فیول کی فراہمی شروع ہوجائے گی جس کے ساتھ پروازیں اپنے معمول پرآجائیں گی۔