Live Updates

وزیراعظم عمران خان کے خط پربھارتی سرکارکا جواب

بھارت نےوزرائےخارجہ کی ملاقات کی حامی بھرلی، ملاقات اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈلائن پرہوگی، ملاقات میں پاک بھارت مسائل پربات چیت کی جائے گی۔ بھارتی میڈیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 ستمبر 2018 16:10

وزیراعظم عمران خان کے خط پربھارتی سرکارکا جواب
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 ستمبر 2018ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خط کا بھارتی سرکار نے جواب دے دیا ہے، بھارت نے دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کی ملاقات کی حامی بھرلی ہے، پاک بھارت وزراء خارجہ کی ملاقات اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈلائن پرہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوگی۔

جس میں مسئلہ کشمیر سمیت پانی اور دیگر مسائل پربات چیت کی جائے گی۔ جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کیلئے باقاعدہ حکمت عملی پربھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خط کابھارتی مودی سرکار نے جواب دے دیا ہے۔جس کے تحت بھارتی سرکار نے پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کیلئے حامی بھرلی ہے۔

(جاری ہے)

پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات نیویارک میں ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران سائیڈ لائنز پر ہوگی۔ملاقات کی تاریخ اور وقت کا تعین باہمی اتفاق سے ہوگا۔ واضح رہے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے مبارکباد کے خط اور خیر سگالی جذبات کا اسی انداز میں جواب دیا، جوابی خط میں مل بیٹھ کر اور بات چیت سے مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا اور بھارت کی جانب سے باضابطہ جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا ہے جس میں تمام حل طلب مسائل کو مل بیٹھ کر اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی دعوت دی گئی ہے ۔ وزیر اعطم عمران خان نے بھارتی وزیر اعطم کی جانب سے عمران خان کو وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی خط کے جواب میں خیر سگالی جذبات کا اسی انداز میں جواب دیا ہے تاہم بھارت کی جانب سے خط کے باضابطہ اور مثبت جواب کے منتظر ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات