شارجہ:ناجائز تعلقات سے منع کرنے پر خاوند نے بیوی کو دانتوں سے کاٹ ڈالا

مشتعل خاوند نے بیوی کو مار پیٹ کے بعد کھڑے کھڑے طلاق بھی دے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 ستمبر 2018 16:34

شارجہ:ناجائز تعلقات سے منع کرنے پر خاوند نے بیوی کو دانتوں سے کاٹ ڈالا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 ستمبر 2018ء) ایک عرب مُلک سے تعلق رکھنے والے شخص کو پولیس نے اپنی بیوی کو دانتوں سے کاٹنے اور مار پیٹ کرنے کے جُرم میں گرفتار کر لیا۔ ملزم نے عدالت میں اعتراف کیا کہ اُس نے اپنی بیوی کو دانتوں سے کاٹا تھا مگر اس کی وجہ اشتعال نہیں، بلکہ ایسا محبت کے لمحات میں جذبات کی شدت کے باعث ہوا۔ جس پر اُس نے پچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے بیوی سے معافی بھی مانگی۔

تاہم بیوی نے خاوند کی وضاحت کو غلط اور حقیقت سے دُور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُس کی جانب سے یہ شرمناک حرکت غصّے کی حالت میں ہوئی تھی نہ کہ محبت کے لمحات میں۔ بیوی کے مطابق وقوعے کے روز خاوند نے اُسے باربار گالیاں دیں، اور پھر دانتوں سے کاٹنے لگا، یہاں تک کہ جھاڑو سے پیٹ ڈالا اور لاتیں بھی رسید کیں۔

(جاری ہے)

خاتون نے بتایا کہ اُس کا خاوند ایک اور خاتون کے ساتھ پیار کی پینگیں بڑھا رہا تھا۔

جب اس بات کا مجھے علم ہوا تو میں نے اُسے سمجھانے کی کوشش کی جس پر اُس نے مجھے ہماری بیٹی کے سامنے ہی بُری طرح سے پیٹ ڈالا اور پھر طلاق دی بھی دے جس کی گواہ میری بیٹی ہے۔ شدید چوٹیں آنے کے باعث مجھے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔‘‘ اس موقع پر استغاثہ کی جانب سے ہسپتال کی تیار کی گئی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی جس سے تصدیق ہوتی تھی کہ خاتون کو زخمی کیا گیا ہے۔

جج کی جانب سے دونوں میاں بیوی سے استفسار کیا گیا کہ کیا وہ آپس میں مصالحت کرنے کے لیے تیار ہیں تو متاثرہ خاتون نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اُس کے خاوند کی جانب سے کبھی اُسے محبت اور عزت نہیں دی گئی۔ شادی کو کئی سال ہو چکے ہیں، اس سارے عرصہ کے دوران وہی اپنے خاوند کو کما کر کھلاتی رہی اور گھر چلاتی رہی۔ دُوسری جانب ملزم نے عدالت سے استدعا کی کہ اُسے بیوی کو منانے کے لیے ایک اور موقع فراہم کیا جائے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 16 اکتوبر 2018ء تک ملتوی کر دی ہے۔