مقبوضہ کشمیر، محرم کے عزاداروں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:36

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور حریت رہنمائوں میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور مولانا عباس انصاری نے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں مختلف مقامات پر محرم کے عزاداروں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میںگزشتہ روز محرم کے جلوسوں کو روکنے کے لیے سرینگر میں پابندیوں کے نفاذ پر قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کی۔ انہوںنے انتظامیہ کی کارروائی کو مسلمانوں کے دینی معاملات میں بے جا مداخلت قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ مذہبی جلوسوں میں شامل لوگوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال مسلمانوں کے تئیں بھارتی حکمرانوں کی فسطائیت اور تعصب پر مبنی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ ایک طرف دو ماہ کے دورانیے کی امر ناتھ یاترا کے شرکاء کو سہولیات فراہم کرتی ہے جبکہ دوسری طرف محرم کے عزاداروں کو پر امن جلوس نکالنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتاہے۔جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور تحریک وحدت اسلامی نے اپنے بیانات میں عزاداروں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کو مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا۔

بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ روز سرینگر میں محرم الحرام کے جلوسوں پر شدید لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں متعدد عزا دار زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس نے درجنوں عزا داروں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں نظر بند کر دیا تھا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوںنے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سملر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو نوجوان شہید کر دیے۔

آخری اطلاعات تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔فوجیوںنے ضلع شوپیاں کے علاقے سعدپورہ بالا سے گزشتہ رات چھاپے کی ایک کارروائی کے دوران دو نوجوان گرفتار کر لیے۔قابض انتظامیہ نے حریت رہنما شکیل احمد بخشی اور پیلٹ لگنے کے باعث بصارت سے محروم ہونے والے ایک نوجوان سہیل احمد ترمبو پر کالا قانون پبلک سیفٹی لاگو کر کے انہیں جموں خطے کی جیلوں میں منتقل کر دیا ہے۔

سرینگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی روزنامے نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ائر فورس مقبوضہ وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں ایک وسیع رقبے پر ہیلی پیڈ بنانے کے علاوہ ریڈار سٹم نصب کر رہی ہے جس سے علاقے کے قدرتی ماحول کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ بھارتی ائر فورس کے اس منصوبے کے انتہائی مضر ، ماحولیاتی ، سماجی اور اقتصادی اثرات مرتب ہونگے۔