پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقاربھٹو کے بڑے بیٹے مرتضی علی بھٹو کی 22ویں برسی عقیدت سے منائی گئی

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:47

پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقاربھٹو کے بڑے بیٹے مرتضی علی بھٹو کی 22ویں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقاربھٹو کے بڑے بیٹے مرتضی علی بھٹو کی 22ویں برسی جمعرات کو عقیدت سے منائی گئی،پیپلزپارٹی شہید بھٹو کے تحت سندھ سمیت ملک بھر میں قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا۔میر مرتضی بھٹو پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار بھٹو کے بڑے صاحبزادے اور بینظیر بھٹو کے چھوٹے بھائی تھے۔

مرتضی بھٹو 18 ستمبر 1954 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔1977 میں اپنے والد کی حکومت کے خاتمے کے بعد مرتضی بھٹو جلا وطن ہو گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنرل ضیاالحق کے مارشل لا کیخلاف عالمی سطح پر مہم چلائی اور 16 سال جلاوطنی میں گزارے۔ مرتضی بھٹو پاکستان میں متنازع کردار رہے ۔ اپنی بہن بینظیر بھٹو کے ساتھ بھی ان کے تعلقات زیادہ اچھے نہیں رہے۔مرتضی بھٹو طویل جلاوطنی کے بعد بینظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں پاکستان واپس آئے اور پیپلزپارٹی شہید بھٹو کے نام سے علیحدہ سیاسی جماعت قائم کی۔1993 میں انہوں نے سندھ اسمبلی کا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی ۔ مرتضی بھٹو نے 1996 میں اپنی 42 ویں سالگرہ منائی لیکن 2 دن بعد 20 ستمبر کو کراچی میں اپنی رہائشگاہ کے قریب متنازع پولیس مقابلے میں مارے گئے۔