وزیر اعظم اور وزراء کو اپنے پہلے دورے میں چندہ نہیں مانگنا چاہئے تھا، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری

جمعرات 20 ستمبر 2018 19:22

وزیر اعظم اور وزراء کو اپنے پہلے دورے میں چندہ نہیں مانگنا چاہئے تھا، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزراء کو اپنے پہلے دورے میں چندہ نہیں مانگنی چاہئے تھا، قرضہ نہ لینے کا ڈھونگ رچاکر دورہ عرب امارات میں وزراء سمیت کشکول اٹھاکر امداد مانگی گئی، پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹ کی طرف سے نمائندگی ہونی چاہئے تھے مگر نہیں معلوم حکومت نے کمیشن کے بجائے کمیٹی تک کیوں محدود کیا ، جمعیت کے کارکن ملک بھر میں رکنیت سازی کرینگے رکنیت سازی کا مطلب تجدید عہد ہے کہ ہم اپنے نظریہ اور ملک کی فلاح وبہود اور اسلامی ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کو مزید تیز کردینگے ،قوم 9 اور 10 محرم کو روضہ رکھ کر ملک کی امن وسلامتی کیلئے دعائوں کا اہتمام کریں یہ دن ہمیں ایثار اور قربانی کی یاد دلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے پارلیمنٹ لاجز میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے جو دعوے اور بیانیہ تھا وہ قوم نے چند دنوں میں ہی دیکھ لیا ملک کو اپنے پاوں پہ کھڑا کرنے کے دعویداروں نے سعودی حکومت سے پہلی ملاقات میں ہی کشکول پیش کردیا چائیے تو یہ تھا کہ وزیر اعظم پہلی ملاقات میں جذبہ خیر سگالی کے ایسا نہ کرتے لیکن افسوس کی بات ہے کہ وزراء سمیت کشکول اٹھاکر امداد مانگی گئی افسوس کی بات ہے کشکول ٹوٹا نہیں صرف زاویہ بدل گیا ہے ایک جانب ملک میں لوگوں سے چندہ کیا جارہا ہے تو دوسری عرب امارات میں بھیک مانگ کر قوم کا سر شرم سے جھکا دیا گیا انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مانگنے سے ہی ملک کو چلانا ہے تو یہ ناممکن ہے لازمی ہے کہ خودانحصاری کے تحت ملک کو صحیح ڈگر پہ چلایا جائے چندے اور بھیک سے تو شوکت خانم ہسپتال نہیں چل سکا یہ ملک کیسے چلے گا انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیشن سے پارلیمانی کمیٹی میں تبدیل ہونا حیرت انگیز ہے حکومت نے پہلے دونوں ہاوسز پہ مشتمل کمیشن کا کہا تھا مگر انہوں نے صرف قومی اسمبلی پہ مشتمل ارکان کی کمیٹی بنائی جو بہت سے شکوک و شبہات پیدا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ کہیں دھاندلی زدہ انتخابات کی تحقیقات سے راہ فرار کیلئے تو ایسا نہیں کیا جارہا اب بھی ہمارا مطالبہ ہوگا کہ کمیٹی میں سے سینیٹ سے بھی ارکان لیا جائے تاکہ شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات ہوسکے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں اپنی رکنیت سازی شروع کررہی ہے رکنیت سازی کا مطلب اپنے نظریہ اور ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے اپنی جدوجہد کو ازسرِنو اعادہ کرنا ہے کہ ملک کو ایک خوشحال اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے انہوں نے کہا کہ محرم کا مہینہ ہمیں قربانی اور ایثار کے جذبے کی یاد دلاتی ہے قوم 9 اور 10 محرم کے روزے رکھ کر ملک وقوم کیلئے دعائیں کرے۔