ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور میں یوم عاشور انتظامات کے لئے قائم کردہ ضلعی کنٹرول روم کا دورہ

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:05

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور میں یوم عاشور انتظامات کے لئے قائم کردہ ضلعی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور محمد ایوب خان بلوچ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسربہاول پور محمد اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم، ایمرجنسی ریسپانس ٹیم، پولیس، ریسکیو، میڈیکل و ٹریفک مینجمنٹ ٹیم اور دیگر محکموں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی مربوط حکمت عملی کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد ایوب خان بلوچ نے یوم عاشور کے جلوسوں اور مجالس عزا کے لئے کئے گئے انتظامات بارے صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کوبریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پرعزاداری جلوسوں اور مجالس عزا کے دوران ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی تاہم بجلی جانے کی صورت میں متبادل بندوبست رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حساس مقامات، مجالس عزا اور عزاداری جلوسوں کی گزرگاہوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کی جا رہی ہے جو کنٹرول روم سے براہ راست منسلک ہیں۔انہوں نے کہا کہ عزاداری جلوسوں میں داخلے کے لئے عزاداران کی چار مقامات پر چیکنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں بھی اہم مقامات پر تعینات کی گئی ہیں۔