نواز شریف کی رہائی،پنجاب پولیس نے اڈیالہ جیل میں تصاویر بنانے کی تحقیقات کا حکم دیدیا

حنیف عباسی کو کس نے ایڈمن بلاک میں آنے کی اجازت دی ،کس نے انہیں جیلر کے کمرے میں لا کر بٹھایا ، قائم کمیٹی تین دن کے اندر رپورٹ مکمل کر کے پیش کریگی

جمعرات 20 ستمبر 2018 21:26

نواز شریف کی رہائی،پنجاب پولیس نے اڈیالہ جیل میں تصاویر بنانے کی تحقیقات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) پنجاب پولیس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائی سے قبل اڈیالہ جیل میں تصاویر بنانے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔پنجاب پولیس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز احتساب عدالت سے سزا یافتہ مجرمان نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کے موقع پر اے این ایف کے سزا یافتہ مجرم حنیف عباسی بھی سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی کے کمرے میں موجود تھے جس سے جیل خانہ جات اور پنجاب حکومت کے حوالے سے برا تاثر گیا۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی حکومت نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک شوکت فیروز اور اے آئی جی جوڈیشل پنجاب ملک سرفراز نواز پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔کمیٹی کو 3 اہم نکات پر تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔کمیٹی جائزہ لے گی کس نے جیلر کے کمرے میں تصاویر بنانے کی اجازت دی ۔جیل میں منشیات کیس کے سزا یافتہ مجرم حنیف عباسی کی تصاویر بنانے کا کس نے حکم دیا ۔حنیف عباسی کو کس نے ایڈمن بلاک میں آنے کی اجازت دی اور کس نے حنیف عباسی کو جیلر کے کمرے میں لا کر بٹھایا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی تین دن کے اندر رپورٹ مکمل کر کے پیش کرے گی۔